تلنگانہ ‘ ترقی کے میدان میں ملک بھر میں آگے

   

سدی پیٹ میںہینڈبال چمپین شپ کے افتتاحی پروگرام سے ٹی ہریش راؤ کا خطاب

سدی پیٹ ۔ 13؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 64 واں نیشنل اسکول گیمس ہینڈبال چمپین شپ کھیلوں کا افتتاح سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ کے ہاتھوں سدی پیٹ جئے شنکر میدان میں عمل میں آیا ۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے سدی پیٹ میں قومی کھیلوں کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے 29 ریاستوں کے کھلاڑیوں کی سدی پیٹ میں آمد پر دل کی گہرائیوں سے وہ خیرمقدم کرتے ہیں ۔ ہریش راؤ نے اپنے ہاتھوں شمع روشن کیا ۔ واضح رہے کہ 12؍ جنوری سے 16 ؍ جنوری تک قومی ہینڈ بال کھیل کے لئے سدی پیٹ مقام مرکز بنا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہاکہ سدی پیٹ ‘ تلنگانہ ریاست کے لئے ایک تاریخی یادگار مقام ہے ۔ کیونکہ اس مقام سے کے چندراشیکھرراؤ نے تلنگانہ تحریک کا آغاز کیا اور 14 سال جدوجہد کے بعد تلنگانہ ریاست بلآخر تشکیل ہوئی اور بہت ہی کم مدت میں تلنگانہ ریاست ترقی کے میدان میں ملک بھر میں آگے بڑھ گئی ۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو سدی پیٹ میں تعمیر کی گئی کومٹ جھیل کو دیکھنے اور لطف اندوز ہونے کے لئے کہا ۔ ہریش راؤ نے یہ بھی کہا کہ تلنگانہ ریاست میں کسانوں کو 24 گھنٹے برقی سربراہی ‘ کسانوں کو 5 لاکھ روپئے کا انشورنس ‘ فی ایکڑ اراضی کسانوں کو دس ہزار رقم کی فراہمی امداد ‘ کلیان لکشمی ‘ شادی مبارک اسکیم کے تحت ایک لاکھ 16 ہزار روپئے سے غریب بچیوں کی شادی جیسی فلاحی اسکیمات سے ملک کی کئی ریاستوں کے لوگ تلنگانہ ریاست میں رہنا پسند کر رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے قومی کھیلوں کی نگرانی کرنے اور بہترین انداز میں انعقاد کرنے پر عہدیداروں سے شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ سدی پیٹ میں منعقدہ قومی ہینڈبال کھیلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑی مستقبل میں ایشین اور اولمپک جیسے بین الاقوامی ٹورنمنٹ میں حصہ لینے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ اس پروگرام میں ایم ایل سی فاروق حسین ‘ ایم ایل سی پانوری ‘ سدھاکریڈی‘ ضلع کلکٹر کرشنا بھاسکر ‘ نیشنل اسکول گیمس کے چیرمین پانڈیا اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔