تلنگانہ میں آج سے رات کا کرفیو برخاست، مزید رعایتوں کا اعلان

,

   

جمنازیم اور یوگا اداروں کی بحالی، اسکول،کالجس، سینما ہال اور مذہبی اجتماعات پر پابندی برقرار
حیدرآباد۔ ملک میں جاری اَن لاک سرگرمیوں کے تحت ریاست کے غیر کنٹینمنٹ علاقوں میں چہارشنبہ سے مختلف سرگرمیوں کے آغاز کی اجازت دی گئی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ کی جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے پس منظر میں چیف سکریٹری سومیش کمار نے احکامات جاری کئے جس کے تحت 5 اگسٹ سے رات کا کرفیو مکمل برخاست کردیا جائیگا۔ عوام کی آمدورفت پر کوئی پابندی نہیں رہے گی۔ اس کے علاوہ 5 اگسٹ سے یوگا انسٹی ٹیوٹس اور جمنازیمس کے آغاز کی اجازت رہے گی۔ بین ریاستی اور اندرون ریاست عوام اور اشیاء کی حمل و نقل پر کوئی پابندی نہیں رہے گی اس کیلئے کسی علحدہ اجازت نامہ کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ جی او میں کہا گیا کہ اسکول، کالجس، کوچنگ ادارے، میٹرو ریل ، سینما ہالس، سوئمنگ پولس، انٹرٹینمنٹس پارکس، تھیٹرس، بار و آڈیٹوریمس بند رہیں گے۔اسکے علاوہ سماجی، سیاسی، کھیل کود، تفریحی، تعلیمی، تہذیبی و مذہبی بڑے اجتماعات پر پابندی رہے گی۔ عوامی مقامات، دفاتر اور ٹرانسپورٹ میں ماسک کا استعمال ہر ایک کیلئے لازمی رہیگا۔ ہر شخص کو عوامی مقامات پر سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔ کام کے مقامات و عوام سے ربط میں آنے والے مقامات کا متواتر سینٹائزیشن کیا جائے۔ حکومت نے بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی ہے ۔ تاہم شادی کی تقاریب میں 50 افراد اور میتوں کی صورت میں 20 افراد کی شرکت کی اجازت رہے گی۔65 سال سے زائد عمر کے افراد ، حاملہ خواتین اور 10 سال سے کم عمر بچوں کو گھروں تک محدود رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انتہائی ضروری کام یا پھر صحت سے متعلق کسی کام کیلئے وہ باہر نکل سکتے ہیں۔کنٹیمنٹ زونس میں لاک ڈاؤن پر 31 اگسٹ تک عمل آوری جاری رہے گی صرف اہم سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ عہدیداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کنٹیمنٹ زونس میں عوام کی نقل و حرکت پر سختی سے پابندی عائد کریں۔ ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو احکامات پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔