تلنگانہ میں اقتدار کیلئے ’ نئی اندرماں‘ کے طور پر پرینکا گاندھی کانگریس کا چہرہ

,

   

نہرو ۔ گاندھی خاندان کی وراثت پارٹی کیلئے فائدہ مند، تلنگانہ میں کانگریس جنرل سکریٹری کی پدیاترا کی منصوبہ بندی

حیدرآباد۔/24مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کی اقتدار میں واپسی کیلئے نہرو۔ گاندھی خاندان کی وراثت کے ذریعہ کے سی آر کے 10 سالہ اقتدار کو شکست دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ جاریہ سال کے اواخر میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے تلنگانہ کانگریس قائدین نے جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کو کانگریس کے چہرے کے طور پر تلنگانہ میں انتخابی مہم کا اہم ہتھیار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرناٹک چناؤ میں پرینکا گاندھی کی مہم نے کانگریس کو کامیابی کی منزل تک پہنچایا اور ملک میں پرینکا گاندھی کی مقبولیت دوسری اندرماں کے طور پر ہے۔ جنوبی ہند اور خاص طور پر تلگو ریاستوں میں آج بھی خواتین میں اندرا گاندھی کو اندرماں کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ پرینکا گاندھی کی شباہت چونکہ آنجہانی اندرا گاندھی سے ہے لہذا اُنہیں کانگریس پارٹی نئی اندرماں کے طور پر رائے دہندوں میں متعارف کررہی ہے تاکہ خواتین کے ووٹ حاصل کئے جاسکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کانگریس قائدین نے حال ہی میں نئی دہلی میں پرینکا گاندھی کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی کا تعین کیا۔ پرینکا گاندھی نے تلنگانہ کا متواتر دورہ کرتے ہوئے عام جلسوں سے خطاب اور عوامی رابطہ مہم میں حصہ لینے سے اتفاق کیا ہے۔ کانگریس نے حال ہی میں کسانوں، بیروزگار نوجوانوں اور ایس ٹی طبقات کیلئے جو ڈیکلریشن جاری کیا اُس کو انتخابی منشور کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پرینکا گاندھی اپنے دوروں کے ذریعہ عوام کو یقین دلائیں گی کہ تمام انتخابی وعدوں پر عمل کیا جائے گا۔ کانگریس قائدین نے تلنگانہ میں پرینکا گاندھی کی دس روزہ پدیاترا کی تجویز پیش کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کانگریس کی انتخابی حکمت عملی کے ماہر سنیل کونگولو نے تلنگانہ میں پرینکا گاندھی کو کانگریس کے چہرے کے طور پر پیش کرنے کی تائید کی۔ نہرو۔ گاندھی خاندان کے کرشمہ کو تلنگانہ میں ووٹ میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی یقینی طور پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔ کانگریس کی جانب سے علحدہ تلنگانہ کی تشکیل اور گذشتہ دس برسوں میں انتخابی وعدوں کی تکمیل میں بی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو اُجاگر کیا جائے گا۔ قائدین کا کہنا ہے کہ عوامی مقبولیت رکھنے والے کے سی آر کو اپنی تقریروں کے ذریعہ عوام کا دل جیتنے کا خاصہ تجربہ ہے ایسے میں صرف پرینکا گاندھی ہی اُن کا موثر جواب دے سکتی ہیں۔ کرناٹک میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جملہ بازی کو بے اثر کرنے میں پرینکا گاندھی کی تقریروں کا اہم رول رہا۔ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ تلنگانہ میں پرینکا گاندھی کو نئی اندرماں کے خطاب کے ساتھ عوام کے روبرو کیا جائے گا۔ نہرو ۔ گاندھی خاندان کی وراثت کے علاوہ تلنگانہ میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی مقبولیت سے پارٹی کو امید ہے کہ آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا عوام کی جانب سے صلہ ملے گا۔ر