تلنگانہ میں بی جے پی انتخابات سے عین قبل رضاکاروں اور نظام کی شبیہہ متاثر کرنے کوشاں

   


فلمسازی کا عمل جاری، امیت شاہ کے اشارہ کے بعد حکمت، ابھیشک اگروال کا حقیقت کو پیش کرنے کا اشارہ

حیدرآباد۔30ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات سے رضاکاروں اور نظام کی شبیہہ متاثر کرنے کے لئے تین فلمیں منظر عام پر لائی جاسکتی ہیں کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے رضاکاروں پر فلم کی تیاری کے ساتھ ساتھ نظام کے دور حکومت میں ہندو طبقہ پر مظالم کے الزامات عائد کرتے ہوئے فلم کی تیاری کا اعلان کیا تھا اور اب کہا جا رہاہے کہ ان فلموں کی تیاری کا عمل جاری ہے جو کہ جلد ہی منظر عام پر لائی جاسکتی ہیں۔ کشمیر فائلس اور کارتکیہ 2 فلمیں تیار کرنے والے ابھشیک اگروال نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ریاست دکن حیدرآباد کی تاریخ پر حقیقت پر مبنی فلم کی تیاری کو یقینی بنائیں گے۔ ان کا کہناہے کہ وہ اپنی فلم عجلت میں تیار نہیں کریں گے بلکہ اس فلم کی تیاری کے لئے وہ تاریخی حوالہ جات جمع کرنے کے بعد ہی فلم بندی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے 17 ستمبر کو شہر حیدرآباد میں منعقد ہوئے ہوئے جلسہ عام کے دوران اپنے خطاب میں سابق ریاست دکن پر فلم کی تیاری کی ہدایت دینے کے ساتھ ساتھ کہا تھا کہ تینوں ریاستوں تلنگانہ ‘ مہاراشٹر اکے علاوہ کرناٹک پر فلم تیار کی جائے کہ کس طرح سے حیدرآباد کو ہندستان میں شامل کیا گیا تھا۔ انہوں نے ریاست کی مختلف جامعات میں سابق ریاست دکن اور اس کے انضمام پر تحقیق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کو تاریخ سے واقف کروانے اور تحقیقی مواد رکھنے کے لئے لازمی ہے کہ تحقیق کی جائے اور فلم کے ذریعہ حقائق کو منظر عام پر لانے کے اقدامات کئے جائیں۔ امیت شاہ کی جونیئر این ٹی آر سے ملاقات کے علاوہ تلگو فلم انڈسٹری کی اہم شخصیتوں سے ملاقاتوں کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے وہ نظام کی کردار کشی اورمحافظین حیدرآباد دکن رضاکاروں پر فلم کی تیاری اور اس میں کام کرنے کے لئے انہیں آمادہ کرنا چاہتے ہیں ۔ ریاست تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی تاریخ کو مسخ کرتے ہوئے عوام کے درمیان نفرت پھیلاتے ہوئے انہیں بی جے پی کی سمت راغب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔م