تلنگانہ میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے انتظامات کا جائزہ

,

   

ریونت ریڈی نے اجلاس طلب کیا،7 پارلیمانی حلقوں کا احاطہ
حیدرآباد ۔30 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی تلنگانہ میں آمد کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے سینئر قائدین کا اجلاس منعقد کیا۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا ان دنوں کرناٹک میں جاری ہے اور توقع ہے کہ اکتوبر کے تیسرے ہفتہ میں یاترا تلنگانہ میں داخل ہوگی۔ تلنگانہ میں داخلہ کے بعد 7 پارلیمانی حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا اور کانگریس کے سینکڑوں کارکن یاترا میں شریک ہوں گے۔ مختلف اضلاع سے قائدین اور کارکنوں کی جانب سے اپنے نام درج کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تلنگانہ میں راہول گاندھی کی موجودگی کا فائدہ اٹھاکر دو بڑے جلسہ عام منعقد کئے جائیں گے تاکہ منوگوڑ کی ضمنی چناؤ مہم پر مثبت اثر پڑے۔ اجلاس میں رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ، ورکنگ پریسیڈنٹس محمد اظہرالدین ، مہیش کمار گوڑ ، رکن اسمبلی سیتکا ، تلنگانہ میں یاترا کے کنوینر بلرام نائک ، سابق صدرپردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، دامودر راج نرسمہا ، سمپت کمار ، رینوکا چودھری ، چنا ریڈی اور محاذی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی ۔ر

طیارہ کی خریدی کے فیصلہ پر
ریونت ریڈی کی تنقید
حیدرآباد ۔30 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) قومی سیاست میں حصہ لینے چیف منسٹر کے سی آر کے طیارہ خریدی کے منصوبہ پر ریونت ریڈی نے تنقید کی ہے ۔ ٹوئیٹر پر ریونت ریڈی نے لکھا کہ شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان سے آج تک کے سی آر نے ملاقات نہیں کی ۔ خودکشی کرنے والے کسانوں کے خاندانوں کو پرسہ نہیں دیا گیا۔ پرگتی بھون کے ایرکنڈیشنڈ چیمبر سے چیف منسٹر باہر نہیں نکلے۔ کبھی فارم ہاؤز سے نکل کر شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کا حال چال دریافت نہیں کیا لیکن ملک بھر میں گھومنے کیلئے فلائیٹ خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ر