تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے بیرونی کمپنیوں کی دلچسپی

,

   

ریاست میں امیزان کے پہلے کیمپس کی افتتاحی تقریب سے وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب

حیدرآباد۔21اگسٹ(سیاست نیوز) امیزان کا تلنگانہ کیمپس ریاست کے لئے اعزاز ہے اور حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے باعث ریاست میں بیرونی کمپنیاں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا مظاہرہ کر رہی ہیں جو کہ ریاست تلنگانہ کے نوجوانوں کے لئے روزگار کی فراہمی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے امریکہ کے باہر امیزان کے پہلے کیمپس کا افتتاح انجام دینے کے بعد یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت نے جو مرعات اور سہولتیں فراہم کی ہیں اسی وجہ سے امیزان جیسی سرکردہ کمپنی نے امریکہ کے بعد اپنا پہلا کیمپس نانک رام گوڑہ گچی باؤلی میں شروع کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمارت میں 65ہزار ملازمین کی گنجائش موجود ہے اور ریاست کی یہ سب سے بڑی عمارت ہے ۔ جناب محمد محمود علی کے ہمراہ اس موقعہ پر امیزان انڈیا منیجر ہند مسٹر امیتاگروال‘ مسٹر جئیش رنجن آئی اے ایس‘ مسٹر جوئیل ریفمین قونصل جنرل امریکہ متعینہ حیدرآباد کے علاوہ دیگر موجود تھے۔جناب محمد محمود علی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں امیزان کو حاصل ہونے والی مقبولیت اور اب یہ شاندار عمارت ریاست کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے ملازمت کے بہترین مواقع دستیاب ہوسکیں گے۔ مسٹر امیت اگروال نے ریاستی وزیر داخلہ کو اس موقعہ پر عمارت کی مکمل تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے اس میں کام کرنے والوں کی گنجائش اور عصری سہولتوں کے علاوہ عمارت میں کی جانے والی شجرکاری سے واقف کروایا۔

مسٹر امیت کمار نے ہندستان میں امیزان کو حاصل ہونے والے فروغ اور امیزان کی تجارت اور ای ۔کامرس میں امیزان کے سرکردہ مقام کی تفصیلات سے واقف کروایا۔انہو ںنے بتایا کہ نانک رام گوڑہ میں شروع کئے جانے والے امریکہ کے باہر پہلے ذاتی کیمپس کا رقبہ 9.5ایکڑ پر محیط ہے۔مسٹر جئیش رنجن نے اس موقع پر کہا کہ امیزان کے وسیع و عریض کیمپس کی شروعات تلنگانہ میں کیا جانا یہ ریاست کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے کیونکہ ای۔کامرس کی دنیا میں امیزان نے جو انقلاب پیدا کیا ہے اس کی دنیا بھر میں ستائش کی جا رہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ اس عمارت میں 62ہزار ملازمین کے خدمات انجام دینے کی گنجائش موجود ہے اور کہا جار ہاہے کہ فوری طور پر 15ہزار ملازمین کے ساتھ امیزان اس عمارت میں خدمات کا آغاز کرے گا اور ملازمین کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جاتا رہے گا۔