تلنگانہ میں غیر موسمی بارش‘ بیشتر اضلاع میں ژالہ باری

,

   

حیدرآباد۔16۔مارچ(سیاست نیوز)تلنگانہ میں موسلادھار بارش کے آغاز کے ساتھ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین یوم کیلئے عنبر الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق آج ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں شدید ژالہ باری اور بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ شہر حیدرآباد میں پہلی غیر موسمی بارش سے شہریوں کو گرمی سے کافی راحت حاصل ہوئی ۔ حیدرآباد میںرات کے اوقات میں زیادہ تیز بارش ہوئی۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوئی۔وقارآباد کے علاوہ ظہیر آباد ‘ میدک کے علاقوں میں ژالہ باری سے کاشت کو نقصان ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ریاست تلنگانہ کے 18 اضلاع کیلئے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے الرٹ کے متعلق ماہرین موسمیات نے بتایا کہ غیر موسمی بارش سے فصلوں کو نقصان کا اندیشہ پہلے ہی ظاہر کیا گیا تھا اور وقار آباد میں ژالہ باری اور برسات کے سبب فصلوں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ شہرحیدرآباد کے نواحی علاقوں شمس آباد ‘ شاد نگر ‘ بندلہ گوڑہ جاگیر‘ آرام گھر‘ عطا پور‘ کے علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں سڑکیں جھیلوں میں تبدیل ہوگئیں اور کالا پتھرکے علاقہ مکہ کالونی کی گلیوں میں پانی کا تیز بہاؤ دیکھا گیا ۔ دوپہر میں پرانے شہر کے علاقوں میں گھن گرج اور بجلیوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا ۔م (سلسلہ صفحہ7 پر )