تلنگانہ میں کابینہ کے بغیر حکومت کا کوئی وجودنہیں

   

ہنمنت رائو کا الزام، کھمم لوک سبھا نشست کے لیے درخواست داخل
حیدرآباد۔11 فروری (سیاست نیوز) اے آئی سی سی سکریٹری وی ہنمنت رائو نے تلنگانہ میں کابینہ کی تشکیل کے بغیر حکومت کے کام کاج کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریاست میں حکومت کا کوئی وجود نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ انتخابی نتائج کے بعد دو ماہ گزر گئے لیکن آج تک مکمل کابینہ تشکیل نہیں دی گئی اور محض ایک وزیر کے ساتھ برائے نام کابینہ چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں نظم و نسق عملاً ٹھپ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی اور سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں عہدیداروں میں جوابدہی کا کوئی احساس نہیں۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ تلنگانہ میں کابینہ کے بغیر طویل عرصہ تک حکومت چلانا غیر جمہوری اور کے سی آر اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعہ سرکاری اداروں کی اہمیت کو گھٹارہے ہیں۔ ہنمنت رائو نے وزیراعظم نریندر مودی کے کل دورہ گنٹور پر سخت تنقید کی۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ نریندر مودی نے آندھراپردیش میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا لیکن انہیں تلنگانہ میں خاندانی حکمرانی کیوں دکھائی نہیں دی۔ انہوں نے سوال کیا کہ نریندر مودی آخر کے سی آر کے بارے میں بات کرنے سے کیوں گریز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں آندھراپردیش کے خصوصی موقف کے لیے چندرا بابو نائیڈو کی بھوک ہڑتال میں راہول گاندھی کی شرکت سے آندھراپردیش کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کانگریس پارٹی نے آندھراپردیش کے حقوق کے سلسلہ میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ مرکز میں کانگریس برسر اقتدار آتے ہی تنظیم جدید قانون میں دیئے گئے تیقنات پر عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کی بھوک ہڑتال کی قومی قائدین نے تائید کی۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے گنٹور میں تقریر کے دوران مختلف مسائل کا ذکر کیا لیکن خصوصی موقف سے متعلق وعدے کے بارے میں خاموشی اختیار کرلی۔ انہیں چاہئے تھا کہ تنظیم جدید قانون میں دیئے گئے تیقنات پر وضاحت کرتے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ راہول گاندھی کے وزیراعظم بننے کے بعد ان وعدوں پر عمل آوری ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کھمم لوک سبھا حلقے کے ٹکٹ کے لیے انہوں نے درخواست داخل کی ہے۔ اگر ہائی کمان انہیں موقع دے گا تو وہ ضرور کامیابی حاصل کریں گے۔