تلنگانہ نظم و نسق میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا فیصلہ

   

آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں کی فائیل کو کے سی آر کی منظوری
حیدرآباد: تلنگانہ نظم و نسق میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے فیصلہ کیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے کی فائل کو چیف منسٹر نے منظوری دے دی ۔ امکان ہے کہ اندرون دو یوم احکامات جاری کردیئے جائیں گے ۔ طویل عرصہ سے ایک عہدہ پر فائز عہدیداروں کو تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔ ڈسمبر 2023 ء اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے چیف منسٹر عہدیداروں کی ٹیم قطعیت دیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے بااعتماد عہدیداروں کو اہم پوسٹنگ دی جائے گی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کے انداز کارکردگی سے کئی سینئر عہدیدار ناراض ہیں، انہیں اہم ذمہ داری دی جائے گی ۔ آئی پی ایس عہدیداروں میں کئی ایسے ہیں جن کو ترقی کے بعد پوسٹنگ نہیں دی گئی ۔ بعض وزراء کی جانب سے بھی ان کے محکمہ کے عہدیداروںکی تبدیلی کیلئے چیف منسٹر سے سفارش کی گئی ہے۔