تلنگانہ و آندھراپردیش کے قائدین میں کے ویشویشور ریڈی کو سب سے امیر ترین قائد ہونے کا اعزاز

,

   

پرچہ نامزدگی میں 895 کروڑ کے اثاثہ جات ہونے کا انکشاف، جگن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

حیدرآباد۔24مارچ(سیاست نیوز) تلگو ریاستوں کے سیاسی قائدین میں مسٹر کونڈا وشویشور ریڈی سب سے امیر ترین سیاسی قائد قرار دیئے جا سکتے ہیں کیونکہ اب تک جن امیدواروں نے اپنے پرچۂ نامزدگی داخل کئے ہیں ان میں مسٹر کونڈا وشویشور ریڈی نے جو اثاثہ جات کا انکشاف کیا ہے وہ سب سے زیادہ ہے۔مسٹر وشویشور ریڈی نے اپنے پرچۂ نامزدگی کے ساتھ داخل کردہ حلف نامہ میں جملہ 895کروڑ کے اثاثہ جات کا انکشاف کیا ہے جس میں انہوں نے 223کروڑ کے منقولہ اثاثہ جات کا انکشاف کیا ہے جبکہ ان کی اہلیہ مسزکے سنگیتا ریڈی کی منقولہ جائیدادوں کے متعلق بتایا ہے کہ وہ 613کروڑ کی ہیں اوران کے فرزند کے پاس 20کروڑ کی منقولہ جائیدادیں موجود ہیں۔ مسٹروشویشور ریڈی نے 36 کروڑ مالیاتی غیر منقولہ جائیدادوں کا انکشاف کیا ہے اور ان کی اہلیہ کی غیر منقولہ جائیدادوں کے متعلق بتایا ہے کہ ان کی اہلیہ 1.81کروڑ مالیاتی غیر منقولہ جائیدادوں کی مالک ہیں۔ مسٹر وشویشور ریڈی نے اپنے حلف نامہ میں کسی بھی گاڑی کا تذکرہ نہیں کیا ہے اور اور ان کے حلف نامہ کے مطابق ان کے خاندان کے پاس کوئی بھی ان کی اپنی ذاتی گاڑی موجود نہیں ہے جو ان کے اپنے نام پر ہو۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی سے گذشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ مسٹر کونڈا وشویشور ریڈی نے عام انتخابات 2014 کے دوران جو حلف نامہ داخل کیا تھا اس میں انہوں نے 528کروڑ کے اثاثہ جات پیش کئے تھے اور پارلیمانی انتخابات 2019میں داخل کئے جانے والے حلقہ نامہ میں 895کروڑ کے اثاثہ جات کی موجودگی کا انکشاف کرتے ہوئے دونوں تلگو ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے سب سے دولت مند ترین سیاسی قائد و امیدوار کا مقام حاصل کرلیا ہے۔ مسٹر کونڈا وشویشور ریڈی نے دولت کے انکشاف کے معاملہ میں مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ‘ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو ‘ مسٹر پی نارائنہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹراین چندرا بابو نائیڈو نے اپنے حلف نامہ میں 574کروڑ کے اثاثہ جات کا اندارج کیا ہے جبکہ مسٹر پی نارائن ریڈی ریاستی وزیر آندھرا پردیش و صدرنشین نارائنہ گروپ آف انسٹیٹیوشنس نے 667کروڑ کے اثاثہ جات کا انکشاف کیا جبکہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنے اور اپنی اہلیہ کے جملہ 538 کروڑ کے اثاثہ جات کا انکشاف کیا ہے۔اس اعتبار سے مسٹر کونڈا وشویشور ریڈی دونوں ریاستوں کے سیاسی قائدین میں سب سے دولت مند ترین سیاسی قائد کی حیثیت سے سرفہرست مقام حاصل کرچکے ہیں۔