تلنگانہ و آندھرا کے مختلف مسائل حل کرنے تبادلہ خیال

,

   

دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلی کی چھ گھنٹے طویل ملاقات ۔ اہم امور پر اتفاق رائے

حیدرآباد۔13جنوری(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر جگن موہن ریڈی کی پرگتی بھون میں زائد از 6گھنٹے ملاقات کے دوران دونوں تلگو ریاستوں کے مختلف مسائل کے حل کے علاوہ کرشنا طاس کو پانی کی سربراہی کے مسئلہ پر بات چیت کی گئی ۔ بتایاجاتا ہیکہ دونوں وزرائے اعلی کے درمیان بات چیت کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ کرشنا طاس کو پانی کی فراہمی کے ذریعہ رائلسیما اور محبوب نگر کے کسانوں کو راحت پہنچائی جاسکے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے دفتر کے پریس نوٹ کے مطابق گوداری سے پانی کی فراہمی کے معاملہ میں دونوں وزرائے اعلی نتیجہ پر پہنچ چکے ہیں ۔ اس کے علاوہ اس طویل ملاقات کے دوران دونوں ریاستوں میں تقسیم کے دوران جو امور شیڈول 9 اور 10 میں رکھے گئے ہیں ان کو بھی جلد حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چندر شیکھر راؤ اور جگن موہن ریڈی نے اپنی ریاستوں کے چیف سیکریٹریز کو فون کرکے ہدایت دی کہ وہ شیڈول 9اور10میں شامل امور کو جلد حل کرنے اقدامات کا آغاز کریں ۔ ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے اعلی نے کئی سیاسی امور اور تلنگانہ اور آندھراپردیش کو درپیش چیالنجس اور ان کے سیاسی حل کے متعلق بھی گفتگو کی اور صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ جگن موہن ریڈی کیلئے چیف منسٹر کی جانب سے پر تکلف ظہرانہ ترتیب دیا گیا تھا ۔چیف منسٹر آندھرا پردیش کے ہمراہ مسٹر وجئے سائی ریڈی ‘ متھن ریڈی کے علاوہ مسٹر پربھاکر ریڈی موجود تھے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر مسٹر کے ٹی راما راؤ کے علاوہ مسٹر سنتوش ایم پی اور دیگر موجود تھے۔کے چندر شیکھر راؤ اور جگن موہن ریڈی کی ملاقات کو سیاسی حلقوں میں کافی اہمیت دی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ دونوں تلگو ریاستوں کے مفادات کے تحفظ کے اقدامات لائق ستائش ہیں کیونکہ مسائل حل کرنے حکومتوں کی پیشرفت سے ریاستوں کے درمیان تعلقات میں بہتری ہونے لگی ہے ۔ اس موقع پر دونوں ریاستوں کے تعلقات کو فروغ ‘ ان میں استحکام کیلئے متعدد اقدامات کا جائزہ لیا ۔ کہا جار ہاہے کہ شیڈول 9 اور 10میں شامل امور کی دوستانہ ماحول میں یکسوئی کیلئے عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔