تلنگانہ پولیس کا عوام دوست موقف برقرار رہے گا ۔ چیف منسٹر کے سی آر

   

انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر کا افتتاح ۔ پولیس ملازمین کو برائیوں کی روک تھام اور انسداد ڈرگس کیلئے کام کرنے کا بھی مشورہ

حیدرآباد۔/4 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے بنجارہ ہلز میں آج دوپہر نو تعمیر شدہ انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیسنگ سسٹم اس وقت تک قائم رہے گا جب تک سماج کا وجود رہے گا۔ کے سی آر نے عمارت کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کمانڈ کنٹرول سنٹر کا سہرا ریاست کے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی کے سر جاتا ہے چونکہ انہوں نے تلنگانہ کے قیام کے بعد سے ہی کمانڈ کنٹرول سنٹر کی تعمیر کی تجویز پیش کی تھی جس پر حکومت نے سنجیدگی سے کام کرتے ہوئے 600 کروڑ سے زائد رقم مختص کرکے عصری ٹکنالوجی سے لیس کمانڈ کنٹرول کی تعمیر کی منظوری دی گئی تھی جس میں جملہ 5 ٹاورس موجود ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر مہیندر ریڈی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ کمانڈ کنٹرول سنٹر ملک بھر میں نمایاں ہے کیونکہ کسی ریاست میں اس قسم کا کمانڈ کنٹرول سنٹر وجود میں نہیں آیا۔ بنجارہ ہلز میں تعمیر اس سنٹر کے افتتاح کے بعد چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ اس سنٹر سے محکمہ پولیس کو ہی نہیں بلکہ دیگر محکمہ جات بشمول جی ایچ ایم سی، واٹر ورکس وغیرہ کو بھی فائدہ ہوگا چونکہ ہنگامی حالات میں اس سنٹر کے ذریعہ ناگہانی صورتحال پر نظر رکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈ کنٹرول سنٹر میں سی سی ٹی وی کنٹرول روم ہے جس سے ریاست کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو اس سنٹر سے مربوط کیا گیا ہے ۔چیف منسٹر افتتاحی تقریب میں دوگھنٹے سے زائد تک موجود رہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے ویمن سیفٹی ونگ، سائبر کرائمس، فارنسک لیاب اور پولیس کے دیگر شعبہ جات کو اس عمارت میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پولیس کمشنر کا دفتر بھی اس عمارت کی 18 ویں منزل سے کام کرے گا۔ انہوں نے پولیس ملازمین سے کہا کہ وہ سماج میں برائیوں کی روک تھام کیلئے ہی نہیں بلکہ ڈرگس کے کاروبار کے خلاف بھی سختی سے نمٹنے سنجیدگی سے کام کریں ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت پولیس کو مزید مستحکم کرنے کی خواہاں ہے اور اس محکمہ کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ انہوں نے ریاست میں خواتین کے تحفظ کو اولین ترجیح دی ہے اور یہ فیصلہ انہوں نے بیرونی ممالک کے دورہ کے بعد کیا تھا چونکہ وہاں پر خواتین کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ پولیس عوام دوست ہے اور یہ موقف ہمیشہ برقرار رہے گا تاکہ پولیس دیگر ریاستوں کیلئے مثال ثابت ہو۔ افتتاح کے موقع پر مکہ مسجد کے خطیب و امام حافظ محمد رضوان قریشی نے تلاوت کلام پاک کی اور ریاست میں امن وامان کی برقراری کیلئے دعا کی۔ افتتاح کے موقع پر پوجا بھی کی گئی۔ وزیر داخلہ جناب محمود علی کے علاوہ دیگر وزراء ٹی سرینواس یادو، ایم ملا ریڈی، چیف سکریٹری ایم سومیش کمار،ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی، پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ب