تلنگانہ کے اکثر مقامات پر گرمی کی لہر ،حیدرآباد کی سڑکیں سنسان

,

   

نظام آباد ، عادل آباد ، راما گنڈم گرم ترین مقامات ، شہر کا درجہ حرارت 42 سے متجاوز
حیدرآباد۔ 19 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے اکثر مقامات گزشتہ تین دن سے بدستور گرمی کی شدید ترین لہر کی زد میں رہے۔ 44 ڈگری سیلسیس کے ساتھ نظام آباد ریاست کا گرم ترین مقام رہا۔ عادل آباد اور راما گنڈم دیگر گرم مقامات رہے۔ حیدرآباد میں بھی آج دوپہر کے دوران اعظم ترین درجہ حرارت 42 ڈگری سے زائد درج کیا گیا۔ جھلسا دینے والی دھوپ اور لو کے سبب اکثر شہریوں نے دوپہر کے دوران گھروں میں رہنے کو ترجیح دی جس کے نتیجہ میں اکثر مصروف ترین سڑکیں سنسان نظر آئیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن کے دوران گرمی کی لہر جاری رہنے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے ریاست کے بعض مقامات پر ہلکی یا اوسط بارش کی پیش قیاسی بھی کی ہے۔ نظام آباد میں جہاں آج کا درجہ حرارت 44 ڈگری تھا ، رواں موسم گرما کے دوران گرمی اور لو لگنے کے سبب ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 21 تک پہنچ گئیں۔نظام آباد میں صبح کی اولین ساعتوں سے اواخر شام تک گرمی کی ناقابل برداشت لہر کے سبب بالخصوص مزدوروں ، محنت کشوں اور چھوٹے تاجروں کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ ضلع میں دوپہر کے اوقات سڑکیں سنسان دیکھی گئیں۔