تلگودیشم پارٹی کا مہاناڈو غیر یقینی

   

انتخابی نتائج کے بعد چندرا بابو کا دورہ دہلی ، این ٹی آر کی یوم پیدائش منعقد کرنے کی تجویز
حیدرآباد /15 مئی ( سیاست نیوز ) تلگو دیشم پارٹی کا 28 مئی کو منعقد شدنی ’’ تلگودیشم پارٹی مہاناڈو پروگرام ‘‘ اس مرتبہ غیر یقینیدکھائے دے رہا ہے ۔ کیونکہ 23 مئی کو انتخابی نتائج اور نتائج کے فوری بعد قومی صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی دہلی وغیرہ کے پروگرام کی وجہ سے مہاناڈو ممکن نہیں ہوسکے گا ۔ پارٹی ذرائع کے بموجب چندرا بابو نے دستیاب وزراء و دیگر اہم قائدین تلگودیشم کے ساتھ ایک اجلاس طلب کرکے مجوزہ مہاناڈو کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا اور مہاناڈو پروگرام کے سلسلہ میں تجاویز حاصل کئے اور بتایا جاتا ہے کہ اس مرتبہ مہاناڈو کے بجائے بانی تلگودیشم پارٹی مسٹر این ٹی راما راؤ کی یوم پیدائش تقاریب کو بڑے پیمانے پر ہر سطح پر منعقد کرنے چندرا بابو سینئیر قائدین تلگودیشم نے مشورہ دیا ۔ کیونکہ انتخابی نتائج کے بعد مہاناڈو کیلئے انتظامات کیلئے وقت نہیں رہے گا ۔ علاوہ ازیں قومی سطح پر منعقد ہونے والے مختلف اجلاسوں میں مسٹر چندرا بابو کی شرکت بھی لازمی ہوجاتی ہے ۔ بعض قائدین نے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ سابق میں بھی یعنی 1985 ، 1991 اور 1996 میں مہاناڈو پروگرام منعقد نہیں کیا گیا تھا ۔ لہذا تبادلہ خیال کے بعد این ٹی آر کی یوم پیدائش تقاریب کے سلسلہ میں گاؤں گاؤں میں بڑے پیمانے پر پروگرامس منعقد کرنے کیلئے اتفاق رائے پایا گیا اور اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرنے کی چندرا بابو سے خواہش کی گئی ۔