تلگو دیشم کے واحد رکن اسمبلی ٹی آر ایس میں شامل

,

   

تلنگانہ، تلگودیشم مقننہ پارٹی ٹی آر ایس میں ضم، سکریٹری اسمبلی نے بلیٹن جاری کیا

حیدرآباد ۔ تلنگانہ، تلگودیشم پارٹی کے واحد رکن اسمبلی ایم ناگیشور راؤ تلگودیشم سے مستعفی ہوکر ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے اور اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی کو ٹی آر ایس میں ضم کرنے کا مکتوب حوالے کیا۔ اسمبلی کے سکریٹری نرسمہا چاری نے سرکاری طور پر بلیٹن جاری کرتے ہوئے تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کو ٹی آر ایس میں ضم کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد تلنگانہ اسمبلی سے تلگودیشم کی نمائندگی ختم ہوگئی ہے۔ سال 2018 میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں تلگودیشم کے صرف دو ارکان اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ دونوں کا بھی ضلع کھمم سے تعلق تھا۔ اسمبلی حلقہ آشواراؤ پیٹ سے ایم ناگیشور راؤ اوراسمبلی حلقہ شوپلی سے ایف وینکٹ ویریا نے کامیابی حاصل کی تھی۔ تھوڑے دن بعد ایس وینکٹ ویریا تلگودیشم سے مستعفی ہوکر ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے۔ لیکن اسی وقت ایم ناگیشور راؤ نے تلگودیشم سے مستعفی ہونے سے انکار کردیا تھا، لیکن آج انہوں نے استعفی دے دیا اور حکمران ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی تلنگانہ تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی کو ٹی آر ایس میں ضم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے بھی ملاقات کی ہے۔ ساتھ ہی اسمبلی امور کے وزیر وی پرشانت ریڈی سے بھی ملاقات کی بعد ازاں دوسرے تلگودیشم کے رکن اسمبلی ایف وینکٹ ویریا کے ساتھ اسپیکر اسمبلی پوجا رام سرینواس ریڈی سے ملاقات کی۔