جاپان کے مشہورشوری قلعہ میں آگ

   

ٹوکیو، 31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے جنوبی صوبہ اوکیناوا میں واقع تاریخی شوری قلعہ میں جمعرات کو آگ لگ گئی۔ شوری قلعہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ کے مقامات میں شامل ہے ۔خبر رساں ایجنسی کیوڈو کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کی صبح اوکیناوا کے ’ناہا‘ شہر میں واقع مذکورہ قلعہ میں آگ لگ گئی۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں کو جائے حادثہ کی جانب فوراً روانہ کیاگیا ہے ۔آگ کی وجہ سے فی الحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ پولیس آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے میں مصروف ہے ۔شوری قلعہ جاپان میں 15 ویں سے 19ویں صدی کے درمیان سلطنت ’رایوکیو‘ سے متعلق ہے ۔ اس مشہور سیاحتی مقام کو سال 2000میں یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔