جدہ میں آتشزدگی، 3لڑکیاں ہلاک

,

   

جدہ۔14 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) جدہ کے جنوبی علاقے پیٹرومین کے ایک مکان میں آتشزدگی سے 3 افراد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ ریجنل شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے اردونیوز کوجاری پریس ریلیز میں بتایاآتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے متعدد یونٹس جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ آگ کی اطلاع ٹیلی فون پر ایک خاتون نے دی جس نے بتایا کہ اس کے پڑوسی کے مکان میں آگ لگی ہو ئی ہے۔ خواتین کی چیخیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی شہری دفاع اور ہلال الاحمر کے یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ فوری طور پر فائرآگ بجھانے کی کارروائی کا آغازکر دیا۔ آگ اس قدر ہولناک تھی اٹھنے والا دھواں کافی دور سے دکھائی دے رہا تھا۔ متاثرہ مکان 2 منزلہ تھا ۔ زیریں منزل مکمل طور پرآگ کی لپیٹ میں آچکی تھی۔ بالائی منزل پر بنا ہوا ایک کمرہ بھی جزوی طور پر شعلوں میں گھرا ہوا تھا۔ قدیم طرز کے مکان کی زیریں منزل کے کمرے کی چھت جو لکڑی اور پتھر سے بنائی گئی تھی مکمل طور پر تباہ ہو کرگر گئی تھی۔ شہری دفاع کے اہلکاروں نے مکان کے زیریں منزل کے ایک کمرے میں پھنسی ہوئی 2 خواتین اور 2 بچوں کو نکالا ۔ فوری طبی امدا د فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے دوسرے کمرے سے جس کی چھت مکمل طور پر منہدم ہو چکی تھی 2 لڑکیوں اور ایک بچی کو نکالا جو دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو چکی تھیں۔