جدہ میں موسلادھار بارش‘ ایمرجنسی الرٹ جاری

,

   


سڑکیں جھیل میں تبدیل، تعلیمی ادارے بند، فضائی سفر بھی متاثر

ریاض:جدہ اور مدینہ منورہ میں آج علی الصبح گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے ۔جدہ میں موسلادھار بارش کے باعث مرکزی شاہرایں جھیل میں تبدیل ہوگئیں جبکہ تمام انڈر پاسز کو پانی بھر جانے کے باعث بند کر دیا ہے۔شدید بارش اور گھرے بادلوں کے چھائے رہنے کے باعث فضائی سفر بھی متاثر ہوا اور بعض پروازوں کا شیڈول بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔مکہ مکرمہ گورنریٹ نے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عوام کی سلامتی کے لیے امیر ماجد، فلسطین انڈر پاس، کنگ عبد اللہ ، کنگ فہد، انڈر پاس، جامعہ انڈر پاس اور کنگ عبداللہ، طریق مدینہ انڈر پاس کو احتیاطی طور پر بند کردیا جائے۔اسی طرح طریق الحرمین منتزہات پل سے کنگ عبد اللہ پل تک مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔‘دوسری طرف جدہ محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ’السلام مال، فلسطین اور سبعین ، کنگ عبد اللہ اور مدینہ روڈ میں پانی بھر گیا ہے۔ اہم شاہراہوں پر کاریں ڈوب گئیں ہیں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔‘ واضح رہے کہ جدہ سمیت مکہ مکرمہ ریجن، مدینہ منورہ، تبوک، شمالی حدود ریجن ، حائل اور قصیم میں آج موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ میڈیا کے مطابق جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ نے کہا ہے کہ ’مسافر ایئرپورٹ آنے سے پہلے فضائی کمپنی سے رابطہ کر لیں۔‘ انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’شدید بارش، گرج چمک اور تیز ہوا کے باعث متعدد پروازیں ملتوی کردی گئی ہیں۔‘ انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’جدہ آنے والی بعض پروازوں کو متبادل ایئرپورٹ پر اترنے کی ہدایت کی ہے۔شہر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا۔یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ حال ہی میں حرمین شریفین میں بارش کیلئے نماز استسقا کا اہتمام کیا گیا تھا ۔