جرائم و حادثات پر قابو پانے کی کوشش

   

سوریاپیٹ میں قومی شاہراہ پر سی سی کیمروں کی تنصیب ، ضلع ایس پی کا خطاب

سوریاپیٹ: ضلع ایس پی سوریاپیٹ راجندر پرساد آئی پی ایس نے منگالا زون قومی شاہراہ 65 پر جدید ترین اے این پی آر (آٹو نمبر پلیٹ ریکارڈنگ) سی سی ٹی وی کیمروں کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس پی راجندر پرساد نے کہا کہ اے این پی آر (آٹو نمبر پلیٹ ریکارڈنگ) سی سی ٹی وی کیمرے منگالا میں قومی شاہراہوں پر حادثات، جرائم پر قابو پانے، تیز رفتاری اور جرائم کی گاڑیوں کا پتہ لگانے کے لیے لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی بین ریاستی سرحد راما پورم ایکس روڈ، ضلع بارڈر ٹیک مٹلا پر بھی نصب کئے جائیں گے۔ ایس پی نے کہا کہ کیمرے ضلع میں آنے اور جانے والی ہر گاڑی کو ریکارڈ کریں گے۔ ہائی ریزولیوشن آٹو ریکارڈ سسٹم سے لیس یہ کیمرے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس، گاڑیوں کی رفتار، گاڑیوں کی کمپنیوں اور گاڑیوں کے ڈرائیوروں کا خود بخود پتہ لگاتے ہیں اور ریکارڈ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کیمروں سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے سفر کرنے والی گاڑیوں کا بھی پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے جدید ترین کیمروں کی تنصیب سے سڑکوں پر مزید سیکورٹی فراہم ہو گی۔ ایس پی نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے لیے آگے آئیں کیونکہ سی سی ٹی وی کیمرے جرائم پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ایس پی راجندر پرساد نے منگالا میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب میں تعاون کے لیے مقامی رائس ملرز ایسوسی ایشن، سہسترا وینچر ڈیولپرس اور دیگر کی ستائش کی۔اس تقریب میں ایڈیشنل ایس پی رتیراج آئی پی ایس، ڈی ایس پی راگھو، سی آئی انجانیولو، ایس آئی بالو نائک، مقامی سرپنچ ودیگر موجود تھے ۔