جموں میں دوسرے دن بھی کرفیو برقرار ، فوج کا فلیگ مارچ

,

   

جموں ۔ /16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شہر جموں میں دوسرے دن بھر کرفیو جاری رہا اور وہاں متعین فوج کی تعداد میں آج اضافہ کردیا گیا ۔ کشمیر میں جمعرات کو ایک خودکش دہشت گرد حملہ میں سی آر پی ایف کے زائد از 40 جوانوں کی ہلاکت کے ایک دن بعد یہ شہر پرتشدد احتجاج سے دہل گیا تھا ۔ جس کے پیش نظر جمعہ کو کرفیو نافذ کیا گیا تھا ۔ جموں یونیورسٹی کے عہدیداروں نے آج منعقد شدنی تمام امتحانات کو ایک دن کے لئے ملتوی کردیا ۔ جموں کے سارے علاقہ میں موبائیل انٹرنیٹ سرویس بدستور آج بھی معطل رہی ۔ سکیورٹی عہدیداروں نے کہا کہ رام بن میں مٹی کے تودے گرنے کے بعد بند کردہ جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر سرینگر روانگی کے انتظار میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کو سخت ترین سکیورٹی انتظامات کے درمیان آگے کا سفر جاری رکھنے کی اجازت دیدی گئی ۔ جموں کے حساس علاقوں میں فوج کا فلیگ مارچ جاری ہے ۔ فوجی گاڑیوں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے ۔