جموں و کشمیر کے سارے اُمور باہر کے لوگوں کے ہاتھ آگئے

,

   

ریاست کے درجے کی بحالی سب سے بڑا مسئلہ ، جموں میں راہول گاندھی کا خطاب

جموں: کانگریس لیڈر راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ ریاستی درجے کی بحالی جموں و کشمیر کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور کانگریس اس کی بحالی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں بے روزگاری کی شرح سب سے زیادہ ہے ۔ انھوں نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں ستوری چوک میں پرہجوم جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آپ اور آپ کے ریاستی درجے کے مطالبے کو بھر پور سپورٹ کریگی۔ اُن کا کہنا تھا کہ کانگریس جموں کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔ راہول نے کہا کہ ریاستی درجے جیسا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے ، آپ کا حق چھینا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں نے مجھے بتایا کہ انتظامیہ ان کی طرف توجہ نہیں دیتا ہے ، باہر کے لوگ یہاں کے سارے امور چلا رہے ہیں جبکہ مقامی لوگ مجبور ہو کر تماشائی بن چکے ہیں ۔ راہول نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ بیروزگاری جموں وکشمیر میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ڈاکٹر، انجینئر، وکیل بننا چاہتے ہیں لیکن انہیں ایسا لگتا ہے کہ وہ ایسا نہیں کرسکیں گے ۔اُن کا کہنا تھا کہ پہلے بیروزگاری کو دور کرنے کا ایک ذریعہ تھا اور وہ فوج کے ساتھ تھا لیکن اب اس کو بھی اگنی ویر اسکیم کے ذریعے بند کر دیا گیا ہے ۔کشمیری پنڈتوں کے بارے میں راہول گاندھی نے کہاکہ موجودہ لفٹننٹ گورنر (منوج سنہا ) انتظامیہ اُن کے مسائل حل کرنے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایل جی منوج سنہا کو کشمیری پنڈتوں سے معافی مانگنی چاہئے کیونکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کوکرنا ہے تاہم وہ اس میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ اُن کے مطابق پچھلے چھ ماہ سے کشمیری پنڈت مسلسل احتجاج کررہے ہیں لیکن حکومت اُن کی طرف کوئی توجہ مبذول نہیں کر رہی ہے جو حیران کن ہے ۔راہول گاندھی نے کہاکہ کشمیری پنڈتوں کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے ۔انہوں نے ایل جی منوج سنہا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ کشمیری پنڈت اپنا حق مانگ رہے ہیں جو اُن کو ملنا ہی چاہئے ۔کانگریس لیڈر نے مزید کہاکہ جموں وکشمیر کے موجودہ حالات سب کے سامنے عیاں ہے، یہاں پر لوگوں کو طرح طرح کی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرملک میں واحد ’ریاست‘ ہے جہاں بیروزگاری کی شرح کافی زیادہ ہے ۔اُن کے مطابق موجودہ انتظامیہ بیروزگارتعلیم یافتہ نوجوانوں کو نوکریاں اور روزگار فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہو گیا ہے ۔راہول گاندھی نے مزید بتایا کہ یو پی اے کے دور میں جموں وکشمیر کی طرف خصوصی توجہ دی گئی لیکن موجودہ انتظامیہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے تعلق سے کچھ نہیں کرپا رہا ہے کیونکہ یہاں کے سبھی اُمور باہر کے لوگ چلا رہے ہیں۔