جنوبی افریقہ میں سمندری طوفان سے 700 افرادہلاک

,

   

پانچ لاکھ سے زیادہ بے گھر ، کئی علاقے زیرآب ،امداد کی آمد شروع ، موسلادھار بارش
بیرا ( موزمبیق) ۔26مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک سمندری طوفان نے جنوبی افریقہ کے ساحلی علاقہ پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجہ میں دونوں ممالک زمبابوے اور موزمبیق میں 700افراد ہلاک ہوگئے ۔ زندہ بچ جانے والوں کیلئے ادویہ ، غذائی اجناس اور خیموں کی بطور امداد آمد کا آغاز ہوگیا ہے ۔ سیلاب زدہ علاقوں سے پانی اترنا شروع ہوگیا ہے جبکہ سرکاری عہدیداروں کے بموجب سمندری طوفان سے اس علاقہ میں 5لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوچکے ہیں ۔ سمندری طوفان ’’ ادائی‘‘ سے موزمبیق کے ساحلی علاقے اور جنوبی افریقہ میں تیز رفتار ہوائیں چل رہی ہیں اور موسلادھار بارش ہورہی ہے ۔ کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے اور 700سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ ایک تخمینہ کے بموجب دونوں ممالک کا 3125مربع کلومیٹر وسیع علاقہ ہنوز زیرآب ہیں ۔ موزمبیق اور زمبابوے میں سینکڑوں لوگ ہنوز لاپتہ یں ۔ اقوام متحدہ نے انتباہ دیا ہے کہ رکے ہوئے پانی سے کئی علاقوں میں وبائیں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے ۔ کیونکہ لاشیں سڑرہی ہیں اور صفائی کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔ یہ علاقے گنجان آباد بھی ہیں ۔ موزمبیق کی پناہ گاہوں میں پہلے ہی سے ہجوم زیادہ ہوگیا ہے ۔ حکومت نے پہلے ہی سے چند افراد کے ہیضہ میں مبتلا ہونے کی توثیق کی ہے ۔ جنوبی افریقہ کی فوج کے کئی طیارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائی کیلئے تعینات کردیئے گئے ہیں اور یوروپی یونین کی مالی امداد سے ہیلی کاپٹرس بھی بچاؤ اور راحت کاری کی کوششوں میں تعاون کررہے ہیں ۔