جنوبی کشمیر کے ترال میں مسلح تصادم، حزب المجاہدین سے وابستہ 2جنگجو ہلاک

   

سری نگر۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ریشی پورہ ترال میں پیر کی شام شروع ہونے والا مسلح تصادم منگل کی صبح دو جنگجوؤں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔ مسلح تصادم کے دوران ایک عام شہری زخمی ہوگیا، تاہم فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مہلوک جنگجو ‘حزب المجاہدین’ کے ساتھ وابستہ تھے ۔ ان کی شناخت ادفر فیاض پرے ولد فیاض احمد ساکنہ گلشن پورہ ترال اورعرفان احمد راتھر ولد غلام حسن راتھر ساکنہ شریف آباد ترال کے بطور ہوئی ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق مسلح تصادم کے حاشیہ پر مقامی نوجوانوں اور فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ ان میں فوری طور پر کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریشی پورہ ترال میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، جموں وکشمیر پولیس کے ایس او جی اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ کو پیر کی شام محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن چلایا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوؤں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ وقفہ وقفہ سے منگل کی صبح تک جاری رہا۔ انہوں نے بتایا ‘

تصادم دو جنگجوؤں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے ‘۔ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے دو اے کے 47 رائفلیں اور دیگر اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تصادم کے دوران ایک عام شہری زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے ۔ زخمی شہری کی شناخت 45 سالہ فاروق احمد کے طور پر ہوئی ہے ۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ دریں اثنا ریاستی پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصو ل ہوئی کہ جنگجو ریشی پورہ ترال علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو گذشتہ شام محاصرے میں لے لیا اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی ،فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجوؤں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔