جنوب مغربی مانسون کی کیرالا آمد پر متضاد دعوے

,

   

مانسون کی آمد ہوچکی ہے ۔ اسکائی میٹ ۔ابھی کچھ انتظار باقی ۔ محکمہ موسمیات کا اعلان
حیدرآباد 30 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کیرالا میں جنوب مغربی مانسون کی آمد کے تعلق سے متضاد دعوے کئے جا رہے ہیں۔ موسمیات کی پیش قیاسی کرنے والے خانگی ادارہ اسکائی میٹ نے اعلان کردیا ہے کہ جنوب مغربی مانسون آج کیرالا میں آچکا ہے تاہم ملک کے سرکاری ادارہ محکمہ موسمیات نے اس رائے سے اختلاف کیا ہے اور کہا ہے کہ مانسون یکم جون ہی کو کیرالا سے ٹکرائیگا ۔ واضح رہے کہ پہلے اسکائی میٹ نے یہ پیش قیاسی کی تھی کہ ملک میں بارش کے موسم کا آغاز 28 مئی کو ہوگا ۔ اس میں ایک دو دن کی کمی بیشی کی گنجائش رکھی گئی تھی ۔ ہفتے کو اسکائی میٹ نے ٹوئیٹ کیا کہ جنوب مغربی مانسون 2020 بالآخر کیرالا میں آچکا ہے اور مانسون کی آمد اس کی اصل تاریخ سے قبل ہی ہوگئی ہے ۔ اسکائی میٹ کا کہنا ہے کہ مانسون کی آمد کی جو تمام شرائط ہیں وہ پوری ہوچکی ہیں اور بالآخر چار ماہ کے بارش کے موسم کا آغاز ہوچکا ہے ۔ تاہم اس کے برخلاف محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر جنرل مرتئنجے موہاپترا نے کہا کہ مانسون کی آمد کیلئے ابھی کچھ شرائط باقی ہیں اور ہنوز اس کی آمد کا اعلان نہیں کیا جاسکتا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کیرالا میں مانسون کی آمد سے قبل وہاں کچھ مقامات پر مسلسل دو دن تک 2.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہونی ہوتی ہے ۔ حالانکہ کیرالا میں گذشتہ چند دنوں سے وقفہ وقفہ سے بارش ہو رہی ہے لیکن اسے مانسون کی آمد سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا ۔ ہندوستان میں مانسون کی آمد اور موسمی حالات کی پیش قیاسی کیلئے بیشتر موقعوں پر محکمہ موسمیات پر ہی انحصار کیا جاتا ہے تاہم حالیہ وقتوں میں خانگی ادارہ اسکائی میٹ بھی موسمی پیش قیاسیوں میں آگے آیا ہے ۔ محکمہ موسمیات ملک کے سٹیلائیٹس سے بھی استفادہ کرتا ہے ۔