جنگاؤں میں کسان کے گھر ٹرمپ کامجسمہ اور پوجا

,

   

حیدرآباد۔/19جون، ( پی ٹی آئی) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ’ مضبوط اور طاقتور قیادت اور جرأت مندانہ رویہ ‘ کے پرستار تلنگانہ کے ایک شخص نے یہاں اپنے گھر میں امریکی صدر کا 6 فیٹ طویل مجسمہ نصب کردیا اور روز اُن ( ٹرمپ ) کی بھگوان جیسی پوجا کیا کرتا ہے۔ ایک ایسے وقت جب ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی سے متعلقہ مسائل کے ضمن میں باہمی تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے ضلع جنگاؤں کے موضع کونے میں ایک 32 سالہ کسان بوسا کرشنا نے اپنے گھر میں ٹرمپ کا 6 فیٹ طویل مجسمہ نصب کیا اور اس کے ماتھے پر تلک لگاتے ہوئے مجسمہ کی گلپوشی کی۔ بعد ازاں ’ جئے جئے ٹرمپ ‘ کی جاپ کے ساتھ ’ ابھیشیکم اور آرتی ‘ کا اہتمام کیا۔ بوتسا کرشنا نے کہا کہ وہ ٹرمپ کی ’ پوجا ‘کرتا ہے کہ کیونکہ وہ ایک طاقتور لیڈر ہیں اور وہ ان کا جرأت مندانہ رویہ بہت پسند کرتا ہے۔ اس کسان نے ٹرمپ سے کہیں کسی دن ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ اس کی ماں نے کہا کہ کرشنا نے اس مجسمہ کی تنصیب پر 1.3 لاکھ روپئے خرچ کیا ہے اور حتیٰ کہ سارے گاؤں والوں کیلئے دعوت کا اہتمام بھی کرچکا ہے۔ 14 جون کو جب ڈونالڈ ٹرمپ اپنی 73 ویں سالگرہ منارہے تھے بوسا کرشنا نے اپنے گھر کے باہر امریکی صدر کا ایک پوسٹر چسپاں کیا اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔