جگن کی چیف منسٹر اے پی کی حیثیت سے 30 مئی کو حلف برداری

,

   

وائی ایس آر کانگریس مقننہ پارٹی لیڈر کی حیثیت سے انتخاب کے بعد گورنر نے تشکیل حکومت کی دعوت دی
حیدرآباد 25 مئی ( سیاست نیوز ) گورنر آندھرا پردیش و تلنگانہ ای ایس ایل نرسمہن نے آج وائی ایس آر کانگریس کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو آندھرا پردیش میں تشکیل حکومت کیلئے مدعو کیا ہے ۔ جگن موہن ریڈی 30 مئی کو اندرا گاندھی میونسپل کارپوریشن اسٹیڈیم وجئے واڑہ میں دوپہر 12.23 بجے بحیثیت چیف منسٹر آندھرا پردیش حلف لیں گے ۔ راج بھون سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ وائی ایس آر کانگریس کے سینئر لیڈر بوتسا ستیہ نارائنا ور دوسرے پارٹی قائدین و منتخب ارکان اسمبلی نے راج بھون پہونچ کر گورنر سے ملاقات کی اور انہیں مطلع کیا کہ وائی ایس آر کانگریس مقننہ پارٹی لیڈر کی حیثیت سے جگن موہن ریڈی کو منتخب کرلیا گیا ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گورنر نے وائی ایس جگن موہن ریڈی کو وائی ایس آر کانگریس مقننہ پارٹی لیڈر کی حیثیت سے انتخاب پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں تشکیل حکومت کیلئے مدعو کیا ہے ۔

خود جگن موہن ریڈی بھی آج بذریعہ طیارہ حیدرآباد پہونچے اور انہوں نے گورنر سے شام 4.30 بجے راج بھون میں ملاقات کی ۔ گورنر سے ملاقات کے بعد جگن موہن ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو سے پرگتی بھون میں ملاقات کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ جگن موہن ریڈی آج شام شہر میں اپنی قیامگاہ میں توقف کرینگے ۔ قبل ازیں جگن موہن ریڈی کو آج وائی ایس آر کانگریس کے نو منتخب ارکان اسمبلی کے اجلاس میں دوبارہ قائد مقننہ منتخب کرلیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے تشکیل حکومت کا دعوی پیش کیا تھا ۔ جگن نے وائی ایس آر کانگریس مقننہ پارٹی لیڈر کی حیثیت سے انتخاب کے بعد گورنر سے راج بھون میں ملاقات کی تھی اور اپنا دعوی پیش کیا تھا ۔ وہ وجئے اڑہ سے حیدرآباد بذریعہ طیارہ پہونچے اور پھر راج بھون گئے جہاں ان کی گورنر سے ملاقات ہوئی ۔ قبل ازیں وائی ایس آرکانگریس کے نو منتخب ارکان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی کو اپنا لیڈر منتخب کرلیا گیا ۔ مقننہ پارٹی لیڈر کی حیثیت سے انتخاب پر جگن نے پارٹی ارکان اسمبلی سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ریاست کے عوام نے ایک یقین اور بھروسے کے تحت پارٹی کو ووٹ دیا ہے

لیکن ارکان اسمبلی و حکومت کو ایسا کام کرنا چاہئے کہ 2024 میں ریاست کے عوام ہماری کارکردگی کی بنیاد پر ہمیں زیادہ اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اندرون ایک سال انہیں کارکردگی والا چیف منسٹر قرار دیا جائے ۔ اس خطاب کے حصول میں انہیں پارٹی کے ارکان اسمبلی کی تائید درکار ہے اور ارکان اسمبلی کو بھی اچھی کارکردگی دکھانی چاہئے ۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ ریاست میں 50 فیصد سے زیادہ ووٹ ان کی پارٹی کو حاصل ہوئے ہیں اور یہ بہت بڑا کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زیادتی و ناانصافی کرنے والوں کو خدا ہمیشہ سزا دیتا ہے اور یہی سزا چندرا بابو نائیڈو کو حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم نے گذشتہ اسمبلی میں وائی ایس آر کانگریس کے 23 ارکان اسمبلی کو خرید لیا تھا لیکن اب ایسا کچھ ہوا ہے کہ انتخابات میں تلگودیشم کو صرف 23 ارکان اسمبلی ہی منتخب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ نتائج بھی 23 مئی کو ہی سامنے آئے ہیں۔