جے شری رام‘کا نعرہ نہ لگانے پر مسلم نوجوانوں کی پٹائی،جمعیت کے وفد کی متاثرین سے ملاقات، مذہب کی بنیاد پر حملہ تشویشناک: مولانا محمود مدنی

,

   

جمعیۃ علمائے ہندکے ایک وفد نے کل غازی آباد کے مسوری کے رہنے والے مدرسہ کے ایک طالب علم ذیشان ولد ابرار احمد اور پتھر کا کام کرنے والے کل اور شہزاد ولد نصرت ساکن ماہلی سے ملاقات کی اور ان کے احوال جانے ۔ ان دونوں لوگوں کو الگ الگ واقعہ میں دتوڑی ایس ایس پبلک اسکول کے پاس منظم طریقے سے موجود شرپسندوں نے مذہبی منافرت کی بنیاد پر سخت زد وکوب کیااور جے شری رام جیسے مذہبی نعرہ نہ لگانے پر بے رحمی سے پیٹا تھا۔ یہ واقعہ ۴؍جون کو پیش آیا تھا۔ جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی ، مولانا غیور احمد قاسمی اور ہاپوڑ کے مولانا افتخار احمد قاسمی، مفتی اسجد عابدی بلند شہری ،چودھری اطہرجیون نرسنگھ ہوم ، مولانا مصطفی ناہل، سروری صاحب ناہلی، پردھان کامل وغیرہ پر مشتمل جمعیۃ کے وفد نے کل ذیشان اور شہزاد سے ان کے گھر جا کر ملاقات کی اور متعلقہ افسران سے مجرموں کے خلاف جلد ازجلد قرار واقعی سزا کا مطالبہ کیا ۔اس طرح کے واقعات کسی بھی مہذب سماج کے لیے انتہائی گھنائونا اور مکروہ ہے کہ کسی بھی راہ گیر کو مذہبی نعرے لگانے پر مجبو ر کیا جائے اور نہ لگانے پر بھیڑ ان کو جان سے مارنے کی کوشش کرے،جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے بارہا یہ کہا ہے کہ ،ہندستان جیسے عظیم جمہوری ملک میں ایسے واقعات انتہائی افسوس ناک اور ملک کی رسوائی کا سامان ہیں۔