حجاب پر پابندی ختم کرنے کے مطالبات پر وزیر کا مثبت ردعمل

,

   

کرناٹک میں نقص امن ناقابل برداشت ،بی جے پی کو امن پسند نہیں تو پاکستان جائے : پرینک کھرگے

بنگلورو: کرناٹک کے وزیر پرینک کھرگے نے آج اعادہ کیا کہ ان کی حکومت بجرنگ دل اور آر ایس ایس جیسی تنظیموں پر امتناع عائد کردے گی بشرطیکہ وہ ریاست کے امن کو متاثر کریں اور یہ کہ اگر بی جے پی قیادت کو یہ قابل قبول نہیں تو وہ پاکستان کو جاسکتے ہیں۔ کھرگے نے کہا کہ ہم وعدہ کرچکے ہیں کہ کرناٹک کو پرامن ریاست بنائیں گے۔ اگر نقص امن پیدا کیا جاتا ہے تو ہم ضرور غور کریں گے کہ بجرنگ دل یا آر ایس ایس پر پابندی عائد کردی جائے۔ جب کبھی قانون ہاتھوں میں لیا جائے ،امتناع عائد کیا جائے گا۔ کانگریس کے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدہ کے مطابق ہم کوئی بھی تنظیم پر پابندی عائد کرنے سے پس و پیش نہیں کریں گے جن میں بجرنگ دل اور آر ایس ایس شامل ہیں۔ سدارامیا کی قیادت والی کانگریس حکومت میں وزیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پرینک کھرگے نے اشارہ دیا کہ سابقہ بی جے پی حکومت کے متنازعہ فیصلوں پر نظرثانی کی جائے گی جن میں نصابی کتب پر نظر ثانی، تبدیلی مذہب مخالف قانون اور گاؤ ذبیحہ قانون وغیرہ شامل ہیں۔ صدر کانگریس ملک ارجن کھرگے کے بیٹے پرینک کھرگے نے کہا کہ وہ حجاب تنازعہ پر بھی عوام کے حق میں فیصلہ کریں گے۔ دریں اثناء کرناٹک میں حجاب پر پابندی کا معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ ایمنسٹی انڈیا نے حجاب پر پابندی واپس لینے کا مطالبہ کیا، جس کے بعد ریاستی کانگریس حکومت کی طرف سے اس پر ردعمل کا اظہار بھی کیا گیا۔ ریاستی وزیر ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا :ہم دیکھیں گے کہ مستقبل میں کیا بہتر کیا جاسکتا ہے۔ فی الحال ہمیں کرناٹک کے عوام سے کئے گئے پانچ وعدوں کو پورا کرنا ہے۔قبل ازیں کرناٹک کانگریس کی واحد مسلم خاتون رکن اسمبلی کنیز فاطمہ نے کہا تھا کہ کانگریس حکومت جلد ہی تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کو ہٹالے گی۔ ہم ان لڑکیوں کو کلاسوں میں واپس لائیں گے اور وہ اب اپنی تعلیم پرامن انداز میں حاصل کرسکتی ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران کانگریس لیڈر و ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار نے بھی کہا تھا کہ کانگریس حکومت بننے کے بعد حجاب پر پابندی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر بنائے گئے تمام قوانین کو واپس لیا جائے گا۔ایسا مانا جاتا ہیکہ حجاب پر بی جے پی حکومت کے فیصلے کی وجہ سے 18,000 مسلم لڑکیوں کی تعلیم متاثر ہوئی ۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد کانگریس حکومت اب سابقہ بی جے پی حکومتوں کے عوام مخالف و متنازعہ فیصلوں کا جائزہ لینے کی تیاری کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس حکومت نے پچھلی بی جے پی حکومت کی جانب سے منظور کردہ تمام پروجیکٹوں کیلئے ادائیگیوں کو منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔