حج 2023 ، عازمین کے انتخاب کیلئے آج قرعہ اندازی

   

تلنگانہ میں8659 درخواستیں، موثر انتظامات کیلئے محمد سلیم کا عزم

حیدرآباد۔30 ۔مارچ ( سیاست نیوز) حج 2023 کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جمعہ31 مارچ کو قرعہ اندازی مقرر ہے تاکہ ملک بھر سے عازمین حج کا انتخاب کیا جاسکے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے حج کمیٹی آف انڈیا کے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے قرعہ اندازی کے بارے میں دریافت کیا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا محمد یعقوب شیخ نے بتایا کہ مرکزی وزیر اقلیتی امور سمرتی ایرانی 31 مارچ کو 3 بجے دن نئی دہلی میں آن لائین قرعہ اندازی کا افتتاح کریں گی۔تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے لئے یکساں طور پر قرعہ اندازی کی جائے گی۔ منتخب ہونے والے عازمین حج کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی جائے گی۔ منتخب عازمین کی فہرست حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ پر مشاہدہ کیلئے موجود رہے گی۔ تلنگانہ میں حج 2023 کیلئے جملہ 8659 درخواستیں داخل کی گئی ہیں اور ان کے لئے 3793 کور نمبرس الاٹ کئے گئے۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال کیلئے ایک مہینہ 10 دن کی مہلت کے باوجود تلنگانہ میں درخواستیں توقع کے مطابق نہیں رہیں۔ اسی دوران حج کمیٹی آف انڈیا کے احکامات کے مطابق ریاستوں میں حج ٹرینرس کے انتخاب کا عمل 5 اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا۔ تمام اضلاع میں موجود حج سوسائٹیوں کے نمائندوں کو ٹرینرس کے طور پر منتخب کیا جائے گا تاکہ اپنے ضلع کے عازمین کی رہنمائی کرسکیں۔ ٹرینرس کیلئے 15 اپریل کو ورچول ٹریننگ سیشن کا اہتمام کیا جائے گا۔ صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ حج کیمپ اور ایر پورٹ پر عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ جی ایم آر حکام نے شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر عازمین حج کیلئے علحدہ ٹرمینل سے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی کی تکمیل کے بعد نہ صرف حیدرآباد بلکہ اضلاع میں منتخب عازمین کیلئے تربیتی کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ جاریہ سال تلنگانہ کے عازمین مکہ مکرمہ میں رباط کی سہولت سے محروم رہیں گے۔ عمارتوں کے انہدام کے سبب ناظر رباط حسین شریف نے جاریہ سال رباط کے انتظامات سے معذوری کا اظہار کیا ہے۔ر