حج 2023 کے سفری اخراجات میں ایک لاکھ روپئے کی کمی کا امکان : محمد سلیم

   

حج کوٹہ میں اضافہ، آئندہ ماہ سے درخواست فارم کی اجرائی، تلنگانہ حج کمیٹی کوبہتر خدمت کا ایوارڈ
حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) حج 2023 ادائیگی کے خواہشمند افراد کیلئے اخراجات کے سلسلہ میں اچھی خبر یہ ہے کہ ریاستی حج کمیٹیوں نے اخراجات میں ایک لاکھ روپئے کی کمی کی سفارش کی ہے۔ گذشتہ ہفتہ نئی دہلی میں حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں کے صدورنشین اور ایگزیکیٹو آفیسرس کا اجلاس منعقد کیا تھا۔ مرکزی وزیر اقلیتی اُمور سمرتی ایرانی نے ریاستی حج کمیٹیوں سے 2023 کے انتظامات کے سلسلہ میں تجاویز حاصل کی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین الحاج محمد سلیم اور دیگر ریاستوں کے صدورنشین نے تجویز پیش کی کہ حج کے اخراجات میں کم از کم ایک لاکھ روپئے کی کمی کی جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقات کی دیرینہ خواہش کی تکمیل ہوسکے۔ محمد سلیم نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے اخراجات میں کمی کی سفارش قبول کرلی ہے۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کے حج کوٹہ کو بڑھاکر 7 ہزار کرنے کا تیقن دیا گیا۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حج کمیٹی کے عازمین کیلئے جملہ اخراجات تقریباً 4 لاکھ روپئے تک ہیں جسے گھٹاکر ڈھائی تا تین لاکھ کرنے کی تجویز پر سمرتی ایرانی نے مثبت ردعمل ظاہر کیا۔ سابق میں حج کمیٹی سے ایک لاکھ تا سوا لاکھ روپئے کے اخراجات ہوا کرتے تھے لیکن گذشتہ چند برسوں میں اخراجات بڑھ کر 4 لاکھ تک پہنچ چکے ہیں جس کے نتیجہ میں متوسط خاندانوں کے خواہشمندوں کو مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی ٹور آپریٹرس سیجانے والے عازمین کیلئیاخراجات میں کمی کی سفارش کی گئی ۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حج کمیٹی کو اس بات کا اختیار حاصل ہوگا کہ وہ خانگی آپریٹرس کی نگرانی کرسکے گی اور حکومت کے قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکتی ہے۔ اجلاس کی روئیداد بیان کرتے ہوئے صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ حج 2023کیلئے ہندوستان سے 2 لاکھ عازمین کی روانگی کا منصوبہ ہے۔ کورونا کے پیش نظر ہندوستان کے کوٹہ کو گھٹاکر 75 ہزار کردیا گیا تھا۔ تلنگانہ کے حج کوٹہ کو 2171 سے بڑھاکر 7 ہزار کرنے اور آندھرا پردیش کے کوٹہ کو 900 سے بڑھاکر 3 ہزار کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مرکز نے حج کی ادائیگی کیلئے عمر کی قید کی شرط کو ختم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ کورونا وباء کے دوران عازمین حج کیلئے عمر کی حد مقرر کی گئی تھی تاہم آئندہ سال تمام عمر کے افراد کو اجازت دی جاسکتی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ ڈسمبر کے اواخر یا جنوری میں حج کمیٹی آف انڈیا سے احکامات جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج 2023 کیلئے درخواستوں کی وصولی کا آغاز ڈسمبر میں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا عازمین کی سہولت کیلئے ایپ متعارف کررہی ہے۔ اسی دوران حج کمیٹی آف انڈیا کے اجلاس میں تلنگانہ کو سال 2022-23 کے بسٹ ایمبارگیشن پوائنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ سمرتی ایرانی نے محمد سلیم کو ایوارڈ پیش کیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے مکمل تعاون کے نتیجہ میں تلنگانہ حج کمیٹی عازمین کیلئے موثر انتظامات کرپائی۔ انہوں نے تمام سرکاری محکمہ جات اور عہدیداروں کے تعاون پر اظہار تشکرکیا اور کہا کہ ہر سال کی طرح 2023 میں مزید بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ نئی دہلی کے اجلاس میں جو تجاویز پیش کی گئیں ان میں حج کمیٹی سے بیاگیج کی تقسیم روکنے، آئندہ سال سے عمرہ کی منصوبہ بندی، خادم الحجاج اور عہدیداروں کی روانگی ختم کرنے، ایر لائنس کو کرایہ میں کمی کی ہدایت، قیام سعودی عرب کی مدت کو 40 سے گھٹاکر 30 دن کرنے، سفر منسوخ کرنے کی صورت میں مکمل رقم کی واپسی، عازمین حج کو روانگی اور واپسی کیلئے امبارگیشن پوائنٹ کے تعین کا اختیار اور ہر ریاست میں امبارگیشن پوائنٹ کی سہولت شامل ہیں۔ر