حسین ساگر میں مشروط گنیش وسرجن کے ہائی کورٹ فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج

,

   

آج فیصلہ کا امکان،تحدیدات پر عمل آوری کیلئے رعایت کی درخواست، سرینواس یادو سے جلوس آرگنائزرس کی ملاقات

حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) حسین ساگر میں گنیش وسرجن کے سلسلہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کے خلاف حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے کارگزار چیف جسٹس ایم ایس رامچندر راؤ کی زیر قیادت ڈیویژن بنچ نے فیصلہ پر نظر ثانی کی درخواست کو کل مسترد کردیا تھا اور حکومت کو اختیار دیا تھا کہ اگر وہ چاہے تو فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوسکتی ہے۔ ہائی کورٹ نے حسین ساگر میں پلاسٹر آف پیرس ( پی او پی ) سے تیار کردہ مورتیوں کے وسرجن پر پابندی کے علاوہ مختلف مقامات پر مصنوعی تالاب تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ عدالت کا فیصلہ گنیش تہوار سے عین قبل آیا ہے جس کے سبب پابندیوں پر عمل آوری ممکن نہیں ہے لہذا کم از کم ایک سال کی مہلت دی جائے اور حکومت آئندہ گنیش وسرجن کے موقع پر عدالتی احکامات پر عمل آوری کی مساعی کرے گی۔ ہائی کورٹ میں درخواست مسترد کئے جانے کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا اور سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت اور عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر مورتیاں نصب کردی گئی ہیں اور عین وقت پر پابندی عائد کرنا ممکن نہیں۔ واضح رہے کہ عدالت نے حکومت کے رویہ پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ ایک سال قبل ہی ہائی کورٹ نے پابندیوں سے متعلق احکامات جاری کئے تھے لیکن حکومت نے عمل آوری میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔ اسی دوران وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو نے توقع ظاہر کی ہے کہ چہارشنبہ کو سپریم کورٹ حکومت کی اپیل پر فیصلہ سنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست دائر کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق گنیش وسرجن کے انتظامات کئے جائیں گے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ ہمیں سپریم کورٹ کے احکامات کا انتظار ہے اور امید ہے کہ ہماری اپیل پر مثبت فیصلہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے سینئر عہدیداروں سے مشاورت کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی دوران بھاگیہ نگر گنیش اُتسو سمیتی اور وشوا ہندو پریشد کے قائدین نے سرینواس یادو سے ملاقات کی اور واضح کیا کہ گنیش وسرجن کے سلسلہ میں پابندیوں کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ سرینواس یادو نے کہا کہ حیدرآباد کا گنیش جلوس ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد جلوس ہے اور حکومت جلوس کے خوشگوار انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال نہ صرف حیدرآباد بلکہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے عوام کی کثیر تعداد جلوس میں حصہ لیتی ہے۔ انہوں نے گنیش اُتسو سمیتی اور وی ایچ پی قائدین کو یقین دلایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ بھاگیہ نگر گنیش اُتسو سمیتی کے صدر راگھو ریڈی، جنرل سکریٹری ڈاکٹر بھگونت راؤ، نائب صدر کروڑی مل اور وی ایچ پی کے ریاستی صدر ایم راما راجو اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔R