حضور نگر اسمبلی ضمنی انتخاب میں 85فیصد رائے دہی

,

   

پولنگ کا عمل پرامن رہا ۔ کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ، 24اکٹوبر کو ووٹوں کی گنتی

حیدرآباد ۔21اکٹوبر ( سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی حضور نگر میں ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں آج رائے دہی پُرامن رہی ۔ آج صبح 7 بجے رائے دہی کا آغاز ہوا اور بتایا جاتا ہیکہ حلقہ اسمبلی حضور نگر میں شام 5بجے تک 85 فیصد رائے دہی ہوئیح ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق صبح 7بجے تا 9بجے رائے دہی سست رہی اور 9بجے تک 13.44فیصد رائے دہی درج کی گئی ۔ صبح 11بجے تک 31.34 فیصد رائے دہی ریکارڈ ہوئی ۔ دوپہر ایک بجے تک 52.89 فیصد رائے دہی کی اطلاعات ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سہ پہر تین بجے تک 70فیصد رائے دہی عمل ہوئی اور شام 5بجے تک 85 فیصد رائے دہی کی اطلاعات ہیں ۔ علاوہ ازیں رائے دہی کے اوقات کا اختتام 5بجے عمل میں آنے کے باوجود رائے دہندے مراکز رائے دہی پر طویل قطاروں میں کھڑے پائے گئے ۔ شام پانچ بجے سے قبل پولنگ بوتھ آنے والوں کو قطار مکمل ہونے تک ووٹ ڈالنے کا موقع دیا گیا ۔ جس کی وجہ سے متعدد مراکز پر اوقات رائے دہی کا اختتام عمل میں آنے کے باوجود ووٹروں کو متعلقہ عہدیداران الیکشن ڈیوٹی نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کا پورا موقع فراہم کیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ حضور نگر کیلئے آج منعقدہ ضمنی انتخاب کیلئے رائے دہی کا صبح 7بجے سے آغاز ہوا اور رائے دہی کے اختتام تک کسی بھی نوعیت کے کوئی ناخوشگوار واقعات پیش نہ آنے کی اطلاعات پائی گئیں ۔ حضور نگر اسمبلی حلقہ میں رائے دہی کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے بڑے پیمانے پر پولیس کے صیانتی انتظامات عمل میں لائے گئے اور رائے دہی کیلئے حلقہ میں جملہ 302 مراکز رائے دہی قائم کئے گئے ۔ بتایا جاتا ہیکہ شام 4 بجے تک حلقہ اسمبلی حضور نگر میں زائد از 75فیصد رائے دہی ہوئی ۔ جن مواضعات میں رائے دہی کا اختتام عمل میں آیا وہاں سے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی اسٹرانگ رومس کیلئے منتقلی کے عمل کا آغاز کردیا گیا ۔ حلقہ اسمبلی حضور نگر کیلئے آج ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں منعقدہ رائے دہی کے بعد رائے شماری ( ووٹوں کی گنتی ) کا آغاز 24 اکٹوبر کو صبح 8 بجے سے ہوگا اور جیسے ہی ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوجانے کے تقریبا۔ ایک بجے دوپہر تک ہی حلقہ اسمبلی حضور نگر کے ضمنی انتخابی نتیجہ کا قومی امکان پایا جاتا ہے ۔