حمایت ساگر کے تین دروازے کھولے گئے ‘ موسی ندی میں پانی کا اخراج

,

   

ذخیرہ آب لبریز ہونے کے بعد اقدام ۔ مزید بارش یا پانی کے بہاو پر دوبارہ دروازے کھولے جاسکتے ہیں

حیدرآباد۔20جولائی (سیاست نیوز) حمایت ساگر میں پانی خطرہ کے نشان تک پہنچنے کے قریب ہونے کے ساتھ ہی عہدیداروں نے تین دروازو ں کو کھولتے ہوئے ذخیرۂ آب سے پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا اور تین دروازوں کے ذریعہ موسیٰ ندی میں پانی چھوڑا گیا اور محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے بتایا کہ اگر پانی کے جمع ہونے کی رفتار میں کمی واقع نہیں ہوتی ہے تو آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید دروازوں کو کھولنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ گذشتہ چند یوم سے شہر کے اطراف میں جاری بارش کے سبب حمایت ساگر میں 1762.90 فیٹ پانی جمع ہوگیا جبکہ ذخیرہ ٔ آب کی مکمل سطح آب 1763.50 فیٹ ہے۔ محکمہ آبرسانی نے صبح کی اولین ساعتوں کے دوران حمایت ساگر کی سطح آب کا جائزہ لینے کے بعد ہنگامی اجلاس میں موسیٰ ندی کے گذرنے کے راستوں پر الرٹ جاری کرکے ندی کے قریب سے شہریوں کو ہٹانے کے اقدامات کئے اور ندی کے گذرنے کے راستوں پر پولیس کے ذریعہ اعلان کروایا گیا کہ 4 بجے شام کو حمایت ساگر کے دروازوں کو پانی کے اخراج کیلئے کھولا جائے گا۔ عہدیداروں نے ابتداء میں ایک دورازے کوکھولتے ہوئے پانی کے اخراج کے اقدامات کو یقینی بنایا اور چند منٹوں بعد مزید دو دروازوں کو کھول دیا گیا۔ حمایت ساگر کے دروازوں کو کھولنے کے موقع پر رکن اسمبلی رجندر نگر پرکاش گوڑ بھی موجود تھے۔ سال گذشتہ ماہ اکٹوبر میں بارش کے دوران بھی حمایت ساگر کی سطح آب مکمل ہوگئی تھی اور اکٹوبر 2020 میں بھی محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے حکومت سے مشاورت کے بعد حمایت ساگر کے 17 دروازوں میں 13 دروازے کھولتے ہوئے پانی کے اخراج کو یقینی بنایا تھا ۔ بعد ازاں مسلسل پانی جمع ہونے کے سبب تمام 17 دروازوں کو کھول دیا گیا تھا اور اس دوران مجموعی اعتبار سے 25ہزار کیوزک پانی کا اخراج عمل میں لایا گیا تھا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حمایت ساگر سے پانی کے اخراج کے ساتھ موسیٰ ندی کی گذرگاہوں کو بھی محفوظ بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ موسیٰ ندی میں پانی کے اخراج کی رفتار کو محدود رکھا جائے۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ فی الحال حمایت ساگر میں 1280 کیوزک پانی جمع ہورہا ہے اور اسی رفتار سے پانی کے اخراج کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حمایت ساگر کے دروازوں کوکھول دیئے جانے کی اطلاع کے ساتھ ہی حمایت ساگر پر پانی کے بہاؤ کا نظارہ کرنے اور سیاحت کیلئے پہنچنے والوں کی بڑی تعداد جمع ہونے لگ گئی ۔ ذرائع کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران بھی بارش کا سلسلہ اگر اسی طرح جاری رہتا ہے تو محکمہ آبرسانی کی جانب سے مزید دروازوں کو کھولتے ہوئے پانی کے اخراج کے اقدامات کئے جائیں گے۔