حیدرآباد و تلنگانہ محفوظ مقامات : محمود علی

,

   

سٹی سکیوریٹی کونسل کی افتتاحی تقریب سے وزیر داخلہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ /13 فبروری (سیاست نیوز) سٹی پولیس کی جانب سے سٹی سکیورٹی کونسل کی شروعات کی گئی ہے ۔ افتتاحی تقریب میں وزیر داخلہ محمود علی نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد و تلنگانہ محفوظ ہے ۔ اس کونسل میں تاجر برادری اور اداروں کو رکنیت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے قیام کا مقصد خواتین اور بچوں کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی امور کے حوالے سے اسے منفرد پیشرفت کے طور پر دیکھاجارہا ہے ۔ محمود علی نے کہا کہ یہ شہر کی پولیس کا ایک منفرد پروگرام ہے اور اس قسم کے پروگرام کو پہلے سائبرآباد میں متعارف کیا گیا ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کونسل کے ارکان کو ہر دو مہینے میں اجلاس کیلئے طلب کیا جاتا ہے تاکہ لا اینڈ آرڈر کے امور پر تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں لا اینڈ آرڈر کی برقراری میں تلنگانہ اول نمبر پر ہے اور حیدرآباد پولیس کی کارکردگی نمایاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئے دن شہر حیدرآباد میں بین ریاستی تجارت کیلئے مختلف افراد شہر کو آتے ہیں اور ان کی سلامتی کو یقینی بنانا پولیس کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں پولیس گشت ایک مثال ہے کیونکہ ہر 5 منٹ میں پولیس کی گاڑی مختلف علاقوں میں گشت کرتی نظر آتی ہے ۔ جناب محمود علی نے کہا کہ ڈائیل 100 کو مقبول بنایا گیا ہے تاکہ عوام اس کا استفادہ اٹھاتے ہوئے پولیس سے آسانی سے ربط پیدا کرسکتے ہیں ۔ اس موقع پر پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر انجنی کمار اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔