حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں ژالہ باری کیساتھ دھواں دھار بارش

   

محکمہ موسمیات نے مزید دو دن بارش ہونے کی پیش قیاسی ،7 اضلاع کے لیے آرینج ماباقی اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری

حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں گرج و چمک کے علاوہ ژالہ باری کے ساتھ دھواں دھار بارش ہورہی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں اچانک موسم تبدیل ہوگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں تک مزید بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ گذشتہ دو دن سے شہر کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس سے شہری علاقوں میں جہاں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے وہیں اضلاع میں کھڑی فصلوں بالخصوص آم کی فصلوں کو بہت زیادہ نقصان پہونچا ہے ۔ ہفتہ کی شام حیدرآباد و مضافاتی علاقوں میں اچانک آسمان ابر آلود ہوگیا تیز ہواؤں کے ساتھ شہر میں جہاں تیز بارش ہوئی ہے وہیں مضافاتی علاقوں میں ژالہ باری کے ساتھ بارش ہوئی ہے ۔ جوبلی ہلز ، بنجارہ ہلز ، پنجہ گٹہ ، ایس آر نگر ، صنعت نگر ، کوکٹ پلی ، میاں پور ، مادھا پور ، گچی باولی ، ٹولی چوکی ، خیریت آباد ، نامپلی ، معظم جاہی مارکٹ ، کوٹھی ، حمایت نگر کے علاوہ پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں زور دار بارش ہوئی ہے ۔ جس سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگئی اور کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ۔ ٹریفک پولیس اور واٹر ورکس کا عملہ جی ایچ ایم سی کی اسپیشل ٹیم ٹریفک کی بحالی اور پانی کی نکاسی میں مصروف دیکھے گئے ۔ عوام کو بھی کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس کے علاوہ اضلاع سنگاریڈی ، پٹن چیرو ، کریم نگر کے مختلف مقامات پر ژالہ باری ہوئی ۔ راما گنڈم ، نظام آباد ، کاماریڈی وغیرہ میں بھی بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن میں اضلاع کمرم بھیم آصف آباد ، منچریال ، جگتیال ، پداپلی ، بھوپال پلی ، ملگ ، بھدرا دری کتہ گوڑم ، میں زور دار بارش ہونے کی پیش قیاسی کرتے ہوئے آرینج الرٹ جاری کردیا ہے ۔ ماباقی اضلاع کے لیے ایلوالرٹ جاری کیا ہے ۔ ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ بھدرا چلم میں 32.8 ملی میٹر دنڈیگل میں 5.8 حکیم پیٹ میں 34.6 ہنمکنڈہ میں 4 حیدرآباد میں 31.7 کھمم میں 17.6 محبوب نگر میں 5.6 میدک میں 6 ، حیات نگر میں 11.2 پٹن چیرو میں 15.4 راجندر نگر میں 35.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ شہر حیدرآباد کی کئی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے عوام مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں ۔۔ ن
غیرموسمی بارش، ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں کا وزراء کا دورہ
حیدرآباد ۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی اور وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کل وقارآباد کے مرپلی اور مومن پیٹ منڈلس کا دورہ کرتے ہوئے غیرموسمی بارش اور ژالہ باری سے فصلوں کو ہوئے نقصانات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء نے کسانوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کمشنر زراعت اور ڈسٹرکٹ کلکٹر کو فصلوں کو ہوئے نقصان پر کل تک ایک جامع رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی۔