خواتین کو نشانہ بنانے والی بین ریاستی رہزنوں کی ٹولی گرفتار

   

رچہ کنڈہ اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی ، کمشنر سٹی پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /9 جنوری (سیاست نیوز) سلسلہ وار رہزنی کی وارداتوں کے ذریعہ خواتین کو خوفزدہ کرنے والی بین ریاستی عادی رہزنوں کی تین رکنی ٹولی کو حیدرآباد کی ٹاسک فورس پولیس نے رچہ کونڈہ کی اسپیشل آپریشن ٹیم کی مدد سے گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے گرفتار رہزنوں کے قبضے سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے کمشنر آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار رہزنوں کی ٹولی نے گزشتہ سال ڈسمبر میں اپنی مجرمانہ سرگرمیوں سے عوام کو خوفزدہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی رچہ کونڈہ کمشنریٹ حدود کے علاقے ونستھلی پورم ایل بی نگر ، میرپیٹ ، حیات نگر اور چیتنیہ پوری میں راہ چلتی خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے اندرون 15 گھنٹے 11 رہزنی کی وارداتیں انجام دی جبکہ /26 اور /27 ڈسمبر کو اندرون 4 گھنٹے 9 خواتین کو نشانہ بنایا ۔ انجنی کمار نے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ اترپردیش سے تعلق رکھنے والا تیس سالہ مونو والمیکی عرف راہول ہے جو اپنے دو ساتھیوں 28 سالہ چوکا متوطن بلند شہر اترپردیش اور 25 سالہ سی پروین چودھری ساکن ونستھلی پورم کی مدد سے بڑے پیمانے پر رہزنی میں ملوث رہا ۔ انہوں نے کہا کہ مونو والمیکی بین ریاستی خطرناک عادی رہزن ہے اور اس نے سابق میں نوئیڈا اترپردیش میں 40 سے زائد رہزنی میں ملوث رہا ہے جس کے نتیجہ میں اس کے خلاف ہسٹری شیٹ بھی کھولی گئی تھی ۔ مونو اور چوکا گزشتہ کئی سالوں سے خواتین کو نشانہ بناتے رہے ہیں جبکہ پرنیت چودھری نے انجنیئرنگ کی تعلیم ترک کرنے کے بعد لندن گیا تھا لیکن ایمیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر اسے واپس بھیج دیا گیا تھا ۔

واپسی کے بعد وہ کئی مہینوں تک دہلی میں مقیم رہا جہاں پر اس کی ملاقات مونو اور چوکا سے ہوئی اور تینوں نے حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف علاقوں میں رہزنیوں میں ملوث ہونے کا منصوبہ بنایا اور اس کے تحت شہر پہونچ کر مختلف لاجیس میں رہنے لگے اور بعد ازاں ملک پیٹ کے ساکن صفیان سے کے ٹی ایم بائیک کرایہ پر حاصل کی اور اس گاڑی کی مدد سے سرقوں میں ملوث رہے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ خطرناک عادی رہزنوں کی ٹولی کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس کی 120 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں اور 600 سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا گیا تھا ۔ رہزنوں نے جرم میں استعمال کئے جانے والی موٹر سائیکل کو تالاب کٹہ ریلوے لائین کے قریب پھینک کر وہاں سے فرار ہوگئے تھے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ عادی رہزنوں کی گرفتاری پولیس کیلئے ایک چیلنج بن گئی تھی اور پولیس نے مختلف ذرائع سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔ انجنی کمار نے عوام کو مشورہ دیا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ اسی طرح انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آئندہ دنوں سنکرانتی اور دیگر تہواروں کے موقع پر اپنے مکانات میں قیمتی جویلری اور اشیاء نہ رکھیں ۔