خواتین کی ترقی کیلئے تلنگانہ میں سیلف ہیلپ گروپس کا تجربہ کامیاب

   


چار لاکھ سے زائد گروپس کے ارکان کی تعداد 46 لاکھ ، جاریہ سال 15001 کروڑ کی منظوری کا نشانہ

حیدرآباد ۔30 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں دیہی علاقوںکی خواتین کو خود مکتفی بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے سیلف ہیلپ گروپس کی تشکیل کا تجربہ غیر معمولی کامیاب رہا ہے۔ ریاست کے دیہی علاقوں میں 430684 خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس ہیں، جن کے ارکان کی تعداد 4609843 ہے۔ حکومت کی جانب سے خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کی کامیاب کارکردگی پر تفصیلی نوٹ جاری کیا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 8 برسوں میں 65 ہزار کروڑ روپئے بینکوں سے مربوط کرتے ہوئے سیلف ہیلپ گروپس کو فراہم کئے گئے ہیں۔ وزیر امدادی باہمی و پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے 2022-23 ء میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپ کو 15001 کروڑ روپئے بینکوں سے مربوط کرتے ہوئے منظور کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ تاحال 696 کروڑ روپئے بینکوں سے مربوط کئے جاچکے ہیں۔ 31 مارچ 2023 ء تک یہ مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعہ خواتین کی معاشی ترقی کو یقینی بنایا گیا ہے اور ملک بھر میں تلنگانہ کے سیلف ہیلپ گروپس مثالی کارکردگی کے حامل ہیں۔ 2014-15 ء میں 196447 سیلف ہیلپ گروپس کو 3692 کروڑ روپئے بینکوں کے ذریعہ منظور کئے گئے ۔ ہر سال سیلف ہیلپ گروپس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور جاریہ سال 370825 سیلف ہیلپ گروپس کو 15001 کروڑ منظور کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ر