خواجہ نے کریس گیل اور ڈی ویلئیرز کے ریکارڈز توڑدیئے

   

نئی دہلی۔14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی اوپنر عثمان خواجہ نے ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز میں دوسری سنچری اسکور کرنے کے ساتھ کئی ریکارڈ بھی توڑ دیئے۔ عثمان خواجہ نے ہندوستان سے ونڈے سیریز میں دوسری سنچری اسکور کرنے کے ساتھ کئی ریکارڈ بھی توڑ دیئے اور یہ ان کا اس سیریز کا چوتھا 50 سے زیادہ اسکور تھا، اس طرح انھوں نے کرس گیل کا 17 سال قدیم ریکارڈ برابر کیا جو انھوں نے 2002 میں ہندوستانی ٹیم کے خلاف ایک سیریز میں اتنے ہی 50 سے زیادہ اسکور کی صورت میں بنایا تھا۔ عثمان خواجہ نے ہندوستان کے خلاف 5 ونڈے میچز کی سیریز میں سب سے زیادہ 358 رنز کا ابراہم ڈی ویلیئرز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، آسٹریلیائی اوپنر نے اس سیریز میں 383 رنز اسکور کیے۔یاد رہے کہ آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کی شاندار سنچری اور ایڈم زیمپا کی تباہ کن بولنگ کے بدولت میزبان ہندوستان کو پانچویں ونڈے میں بھی شکست دی جس کے ساتھ ہی پانچ میچوں کی سیریز 2-3 سے مہمانوں کے نام ہوئی اور وہ 10 سال بعد ہندوستان کے خلاف سیریز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے اس آخری میچ میں آسٹریلیائی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے مفید ثابت ہوا۔ عثمان خواجہ نے پہلے ایرون فنچ کے ساتھ 76 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور اس کے بعد دوسری وکٹ کے لیے پیٹرز ہینڈزکمب کے ساتھ مل کر99 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ فنچ 27 اور پیٹرز ہینڈزکمب 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ عثمان خواجہ نے 100 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جے رچرڈسن کے 29، مارکس اسٹوئنس اور ایشٹن ٹرنر کے فی کس 20 جبکہ پیٹ کمنزکی 15 رنز کی بدولت آسٹریلیائی ٹیم مقررہ 20 اوورزمیں 9 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے 273 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کو حریف بولروں نے ابتدا سے ہی پریشان کئے رکھا۔ پہلے شکھر دھوان12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو امیدیں روہت شرما اور ویراٹ کوہلی پر جم گئیں، دونوں ٹیم کا اسکور آگے لے کر بڑھے تو 68 کے اسکور پر کوہلی 20 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ روہت شرما کے ساتھ مل کر رشبھ پنت اور وجے شنکر نے پارٹنر شپ قائم کی لیکن وہ آسٹریلیا سے فتح چھیننے کے لیے ناکافی ثابت ہوئیں۔ رشبھ پنٹ اور وجے شنکر فی کس 16 رنز بنا سکے جبکہ ان کے بعد آخری امید روہت شرما بھی 56 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ نازک حالت میںکیدار جادھو اور بھونیشور کمار نے 91 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو ایک مرتبہ پھر جیت کے نزدیک کرنے کی کوشش کی جسے آسٹریلیائی بولروں نے نہ صرف ناکام بنایا بلکہ ہندوستان کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ ایڈم زیمپا نے اپنے 10 اوور میں 46 رنز دے کر3 ہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ پیٹ کمنز، جے رچرڈسن، مارکس اسٹوئنس نے فی کس 2 جبکہ نیتھن لیون ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔عثمان خواجہ کو مقابلے اور سیریز کا بہترین کھلاڑی کے ایوارڈز دئے گئے۔یاد رہے عثمان خواجہ نے ہندوستان کے خلاف ناقابل یقین مظاہرے کرتے ہوئے نہ صرف ورلڈ کپ کی ٹیم میں اپنے مقام کو مستحکم کرلیا ہے بلکہ وارنر اور اسمتھ کی واپسی کا بھی ٹیم میں ان کے مقام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ وہ وارنر کے ساتھ اننگز کا آغاز کرسکتے ہیں۔