خودسپردگی کرنے والے نکسلیوں کیلئے پولیس ملازمت

   

رائے پور: چھتیس گڑھ کے وزراء کی کونسل کی طرف سے منظور کردہ ریاست کی نکسل کے خاتمہ کی نئی پالیسی میں پولیس آپریشن میں خصوصی تعاون کرتے ہوئے خودسپردگی کرنے والے نکسلیوں کو پولیس میں ملازمتیں دینے اور دیگر ریاستوں کے متاثرین کو بھی معاوضے کے لیے اہل مانے جانے کا التزام ہے ۔ ریاستی وزراء کی کونسل کی میٹنگ میں کل منظور کی گئی اس پالیسی میں دیگر ریاستوں کے متاثرین کو بھی معاوضے کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی نکسل متاثرین؍ خودسپردگی کرنے والے نکسلائیٹس، جنہوں نے نکسل مخالف مہم میں پولیس کو خصوصی تعاون دیا ہے اور جسے اس کی وجہ سے خطرہ پیداہوگیا ہو، ایسے معاملات میں انسپکٹر جنرل آف پولیس رینج اسے محکمہ پولیس میں نچلے عہدوں پر بھرتی کرسکیں گے ۔ اس پالیسی میں مختلف محکموں کی جانب سے تعلیم، صحت، روزگار وغیرہ کے شعبوں میں کیے جانے والے کاموں کا ذکر کیا گیا ہے ۔ گرام پنچایتوں کے مکینوں کو سرکاری اسکیموں کا فائدہ، مختلف ترقیاتی اسکیموں کا نفاذ، ‘منوا نوا نار’ اسکیم کے تحت مربوط ترقیاتی مراکز کا قیام، شیڈول ایریا؍جنگلاتی علاقوں پر لاگو قوانین؍ قواعد کا موثر نفاذ وغیرہ کثیر جہتی اہداف؍ مقاصد پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔