دبئی میں گذشتہ تین دنوں سے شدید بارش

,

   

سیلاب میں پھنسے کئی افراد کو بچا لیا گیا، سعودی عرب میں بھی زبردست برفباری
دبئی ۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دبئی میں موسلادھار بارش کے باعث سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ سڑکوں پر موٹرگاڑیاں اور مکانات زیرآب آگئے ہیں جبکہ گذشتہ تین دن سے عوام اپنے گھروں پر ہی پھنسے ہوئے ہیں۔ گلف نیوز کے مطابق دبئی پولیس نے دو الگ الگ واقعات میں امارات کی ایک خاتون اور ایشیا سے تعلق رکھنے والے ایک مرد کو بچا لیا جو سڑک پر سیلاب کے پانی میں پھنس گئے تھے۔ ایک خاتون کو فیسٹیولس کے قریب نہر سے بچایا گیا جبکہ خاتون کی کار سیلاب کے پانی میں پھنس گئی تھی اور خاتون کو کار کی کھڑکی سے باہر نکالا گیا۔ دبئی انٹرنیشنل سٹی کے قریب سڑک پر جمع بارش کے پانی میں ایشیا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی کار پھنس گئی تھی۔ پولیس نے اسے محفوظ طریقہ سے بچا لیا۔ انٹرنیشنل سٹی میں رہنے والی ہندوستانی خاتون آشا منوہرن بھی جمعہ سے اپنے مکان میں محروس ہوگئی تھی۔ پولیس نے اس خاتون کو بھی بچا لیا۔ گذشتہ تین دنوں سے دبئی شہر میں زبردست بارش ہورہی تھی۔ شہر کے کئی علاقے سیلاب کا منظر پیش کررہے ہیں۔ ابوظہبی اور شارجہ میں بھی زبردست بارش کی اطلاعات ہیں۔ ادھر سعودی عرب میں بھی زبردست برفباری ہورہی ہے۔ اس سال سعودی عرب کے کئی علاقوں خاص طور پر عمان سے لگی شمال مغربی سرحد پر حیرت انگیز برفباری سے عوام لطف اندوز ہورہے ہیں اور اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہورہی ہیں۔ سعودی کے شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے بھی سرکاری ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کی ہیں۔