دبیر پورہ میں کورونا وائرس کا مثبت کیس ‘ چوکسی ضروری

,

   

آج سارے علاقہ کے عوام کی طبی جانچ کا امکان ۔متاثرہ شخص نے دہلی کا سفر کیا تھا
حیدرآباد /27 مارچ ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ دبیرپورہ سلطان پورہ میں کورونا وائرس کا ایک مثبت کیس آج رات منظر عام پر آیا ۔ اطلاع کے فوری ساتھ ہی میڈیکل ٹیم مریض کے مکان واقع سلطان پورہ پہونچ گئی اور تمام تفصیلات کو حاصل کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 63 سالہ سید امین کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ ان کی تشخیص کی گئی تھی اور انہیں کورونا پازیٹیو پایا گیا ۔ میڈیکل ٹیم نے کل دبیرپورہ علاقہ کا محاصرہ کرتے ہوئے تمام علاقہ میں شہریوں کی جانچ کی کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور سید امین کے مکان سے ایک کیلو میٹر دور چاروں سمیت ہر ایک شہری کی جانچ کی جائیگی اور ان کی جن جن سے ملاقات تھی ان تمام شہریوں کا طبی معائنہ کیا جائے گا ۔ یہ بات میڈیکل انچارج برجیس النساء نے بتائی ۔ ڈاکٹر برجس النساء نے بتایا کہ سید امین کی تمام تفصیلات کو حاصل کرلیا گیا ہے ۔ 14 مارچ کو یہ شخص دہلی گیا تھا اور 18 مارچ کو واپس ہوا ۔ انہوں نے بذریعہ ٹرین سفر کیا تھا ۔ پٹیل مارکٹ میں ان کی دوکان ہے ۔ میڈیکل ٹیم پولیس کی مدد سے پٹیل مارکٹ کا بھی محاصرہ کریگی اور امین جس مسجد میں نماز ادا کرتے تھے اس مسجد کے تمام مصلیوں کی جانچ کی جائیگی ۔ انکے مکان میں ہر فرد اور ان سے ملاقات کر چکے رشتہ داروں ، دوکان سے رجوع ہوئے گاہکوں کی تفصیل حاصل کرکے ان کی جانچ کی جائیگی ۔ پہلی بار ان کا علاج درشہوار ہاسپٹل میں 25 مارچ کو ہوا تھا جس کے بعد گاندھی میں نمونے حاصل کرکے جانچ کی گئی اور آج پازیٹیو نتیجہ ملنے کے بعد رات دیر گئے میڈیکل ٹیمس دبیرپورہ میں پہونچی امکان ہے کہ کل صبح علاقے کو مہربند کرکے ہر شہری کی جانچ کی جائیگی ۔ اس پازیٹیو کیس کے بعد پرانے شہر میں چوکسی کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے ۔

حبیب نگر و سید نگر میں دو مشتبہ کیس
حیدرآباد 27 مارچ ( سیاست نیوز) رات دیر گئے دبیر پورہ میں ایک مثبت کیس کے پائے جانے کے بعد حبیب نگر اور سید نگر فرسٹ لانسر میں بھی دو مشتبہ کیسیس کی اطلاع ملی ہے ۔ حبیب نگر میں ایک خاتون کو علامات کی اطلاع پر میڈیکل ٹیم نے فوری گھر پہونچ کر انہیں گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جبکہ سید نگر میں بھی ایک شخص کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے ۔ دونوں ہی حال میں دوبئی سے واپس ہوئے تھے ۔ ان دونوں کو اب قرنطینہ میں رکھا جائے گا ۔