دعوتوں میں ضائع ہونے والے کھانے کو بھوکوں تک پہنچانے کا اختراعی اقدام

   

شہر کے 10 مقامات پر ’’دو عوامی فریج‘‘ نصب کرنے کیلئے جی ایچ ایم سی سے مدد

حیدرآباد ۔ 12 جنوری (سیاست نیوز) انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے تحت شروع ہونے والے ایک اختراعی قدم کی سمت اب ہر کسی کی توجہ مرکوز ہوچکی ہے کیونکہ ایک جانب شہر حیدرآباد اور سکندرآباد میں پرتعیش دعوتیں ہوتی ہیں جن میں بیسوں افراد کا کھانا ضائع کردیا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب کئی ایسے افراد بھی شہروں میں موجود ہیں جو رات کو بھوکے سوجاتے ہیں لہٰذا دعوتوں میں ضائع ہونے والے کھانے کو ضرورتمندوں تک پہنچانے کیلئے جی ایچ ایم سی اور ایک خانگی این جی او نے اب ایک مہم کا آغاز کردیا ہے جس کا نام ’’ضرورتمند کو کھلائیے‘‘ رکھا گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی اور ایپل ہوم نامی غیر سرکاری تنظیم کے اشتراک سے اب سری لنگم پلی زون کے مختلف مقامات پر ’’کمیونٹی فریج‘‘ نصب کردیئے جائیں گے۔ کمیونٹی فریجر وہ طریقہ کار ہوتا ہے جس میں کسی عوامی مقام پر ایک بڑا فریج نصب کردیا جاتا ہے جس میں مقامی افراد اپنے گھر کا اضافی کھانا یہاں جمع کرتے ہیں اور ضرورتمند افراد اس فریج میں سے کھانا لے جاسکتے ہیں۔ دریں اثناء ایپل ہوم جو کہ یتیم بچوں کیلئے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم ہے اور اس حیدرآبادی تنظیم نے جی ایچ ایم سی سے رابطہ کیا اور چند روز قبل ہی عوامی فریجوں کو نصب کرنے کے منصوبے سے آگاہ کیا ہے۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے مطابق شہر میں ضائع ہورہے کھانے کو ضرورتمندوں تک پہنچانے کیلئے کیا جانے والا یہ منصوبہ ایک بہتر منصوبہ ہے اور اس کیلئے جو فریج استعمال کی جائے گی اس کی گنجائش 530 لیٹرس ہوگی اور یہ 10 مقامات مادھاپور، بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، ایرہ گڈہ، ریڈہلز، چندا نگر اور گچی باؤلی پر نصب کئے جائیں گے۔ ایک عارضی شیڈ بھی اس فریج کیلئے تعمیر کیا جائے گا جبکہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان فریجوں کو برقی سربراہی کی جائے گی۔