دنیا میں کورونا وائرس کے متاثرین ایک کروڑ ایک لاکھ سے زائد

   

جنیوا ؍ نئی دہلی ؍ بیجنگ۔عالمی وبا کورونا وائرسرکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اوردنیابھرمیں اس وبا کی زد میں آنے والوں کی تعداد ایک کروڑ ایک لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بھی 5لاکھ کو عبور کر چکی ہے ۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 1,01,17,326 ہوگئی ہے جبکہ 5,01,281 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔کووڈ ۔19 سے متاثر ہونے کے معاملہ میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے ، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے ۔ دوسری طرف اس وبا کی وجہ سے اموات کے اعداد و شمار میں بھی امریکہ پہلے ، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے ۔ ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 19,459 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اب متاثرین کی مجموعی تعداد 5,48,318 ہوگئی ہے ۔ اسی عرصہ میں کورونا وائرس سے 380 اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 16,475 ہوگئی ہے ۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 2,10,120 فعال کیسز ہیں اور اب تک 3,21,723 افراد اس وبا سے شفایاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ہندوستان دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے ۔دنیا میں خودکو سپر پاور سمجھنے والے امریکہ میں اب تک 25,48,617 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 1,25,803 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 13,44,143 افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 57,622 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
روس میں بھی کووڈ 19 وبا شدت اختیار کرتی جارہی ہے اوریہاں6،33،563 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس وبا سے اب تک 9،060 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس وائرس کی وجہ سے برطانیہ میں صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے ۔ برطانیہ میں اب تک 3،12،640 افراد اس وبا سے متاثراور 43،634 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔؎