دوبارہ لاک ڈاؤن کا خوف۔ ترکاری کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ۔ عام آدمی پریشان

,

   

حیدرآباد(تلنگانہ): گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا وائرس کے کیسس میں اضافہ کے پیش نظر حکومت کی جانب سے لاک ڈا ؤن کے امکانات نے ترکاری کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے۔ ٹماٹر، آلو، کھیرا کی قیمتوں میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران تیزی سے اضافہ ہوگیا ہے۔ ریٹیل مارکٹ میں ٹماٹر کی قیمت میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔ ترکاری منڈی میں ٹماٹر کی قیمت60 روپے فی کیلو ہوگئی ہے جبکہ آلو او رکھیرا 40 تا50 روپے فی کیلو ہوگئی ہے۔ گذشتہ ماہ ٹماٹر 18 روپے فی کیلو فروخت کیا گیا تھا۔ لاک ڈاؤن کے خطرہ کے پیش نظر عوام ترکاری اور غذائی اجناس کا ذخیرہ کررہے ہیں۔ ترکاری میں غیر معمولی اضافہ کے پیش نظر شہر کی ترکاری منڈیوں میں گاہکوں کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے۔

عوام نے شکایت کی ہے کہ لاک ڈاؤن کے خطرہ کے پیش نظر ترکاری کے علاوہ غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔عوام پہلے ہی سے تین ماہ طویل لاک ڈاؤن سے پریشان ہیں ایسے میں دوبارہ لاک ڈاؤن کے خوف سے تاجروں کو قیمتوں میں اضافہ کا موقع مل گیا ہے جس سے عام آدمی پریشان ہے۔ حکومت نے ترکاری اورغذائی اجناس کی مارکٹس میں کمیٹیاں تشکیل دی ہیں لیکن یہ کمیٹیاں قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ارباب مجاز کو چاہئے کہ وہ اس جانب توجہ دیں۔