دونوں شہروں میں گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش، سڑکیں جھیل میں تبدیل

,

   

حیدرآباد 17 ستمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آج آدھی رات سے قبل گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی اور زائد از ایک گھنٹے کی بارش کے دوران اکثر سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور مصروف ترین سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بُری طرح متاثر ہوئی۔ پی وی این آر ایکسپریس وے، لکڑی کا پُل، سوماجی گوڑہ، چادرگھاٹ، ملک پیٹ ریلوے اسٹیشن کی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے سبب گاڑیوں کے گزرنے میں دشواریاں پیش آئیں۔ حالیہ عرصہ کے دوران وقفہ وقفہ سے بارش کے نتیجہ میں پہلے ہی شہر کی کئی سڑکیں شکستہ تھیں اور آج کی بارش سے سڑکوں کی بدحالی میں مزید اضافہ ہوا جس کا اثر بالخصوص کاروں اور موٹر سائیکلوں کی آمد و رفت پر پڑا۔ بنجارہ ہلز کے قریب کئی مقامات پر بعض کاروں اور موٹر سائیکلوں کے انجن میں پانی جمع ہوجانے کے سبب بعض افراد کو سڑکوں کے کنارے اپنی گاڑیاں پارک کرتے ہوئے درستگی میں مصروف دیکھا گیا۔ پرانے شہر کے علاقوں میر عالم ٹینک، کالاپتھر، جہاں نما، بارکس، چندرائن گٹہ، ہاشم آباد ، بابا نگر، ریاست نگر ، مغل پورہ، تالاب کٹہ اور اطراف کے علاقوں سے بھی سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ علاوہ ازیں بالخصوص پرانے شہر کے اکثر محلہ جات میں برقی کی سربراہی مسدود ہوگئی جس کے نتیجہ میں شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔