دو لاکھ ہندوستانی عازمین پہلی مرتبہ کسی سبسیڈی کے بغیر فریضہ حج ادا کرینگے

,

   

48 فیصد خواتین شامل ، حج کوٹہ میں اضافہ سے متعدد عازمین کو موقع ، 4جولائی سے پروازوں کا آغاز
نئی دہلی ۔25 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے منگل کو کہا کہ رواں سال دو لاکھ ہندوستانی عازمین فریضہ حج بیت اﷲ ادا کریں گے جن میں 48 فیصد خواتین رہیں گی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ 2,340 خواتین محرم ( مرد رشتہ دار ) کے بغیر حج کریں گی ۔ ایسی خواتین کی تعداد گزشتہ سال ایک ہزار سے زائد تھی ۔ ان خواتین کو قرعہ اندازی کے بغیر سفر حج پر روانہ کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ بشمول اُترپردیش ، بہار ، مغربی بنگال اور آندھراپردیش کئی ریاستوں کے تمام درخواست گذاروں کو پہلی مرتبہ سفر حج کیلئے منتخب کرلیا گیا ہے کیونکہ حج کوٹہ میں اضافہ کے سبب موقع کے منتظر عازمین کی فہرست میں شامل درخواست گذاروں کے ناموں کو بھی منظوری دیدی گئی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ’’آزادی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دو لاکھ سے زائد مسلمان کسی سرکاری امداد یا رعایت (سبسیڈی) کے بغیر ہی سفر حج پر روانہ ہوں گے ۔

ملک کے تقریباً 21 مقامات سے 500 پروازوں کے ذریعہ روانگی عمل میں آئے گی‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ ’’1.40 عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے توسط سے سفر پر روانہ ہوں گے دیگر 60,000 سے زائد عازمین حج گروپ آرگنائزرس کے ذریعہ یہ سفر کریں گے ۔ ہندوستانی عازمین کے لئے صحت و طبابت کے 19مراکز قائم کئے جارہے ہیں جن میں 16 مکہ معظمہ اور 3 مدینہ منورہ میں رہیں گے تاکہ عازمین کیلئے موثر طبی خدمات کو یقینی بنایا جاسکے ۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ خادمین حجاج کو مناسب حج کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی ۔ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین کے قیام ، طبی دیکھ بھال اور تحفظ و سلامتی کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ دہلی ، گیا ، گوہاٹی اور سرینگر سے 4 جولائی کو پرواز عمل میں آئے گی ۔ بنگلور اور کالی کٹ سے 7 جولائی ، گوا سے 13 جولائی ، منگلور سے 17 ، ممبئی سے 14 اور 21 اور سرینگر سے 21 جولائی کو پرواز ہوگی ۔ دوسرے مرحلے کے تحت احمدآباد ، جئے پور اور لکھنو سے 26 جولائی ، بھوپال اور رانچی سے 21 جولائی ، اورنگ آباد سے 22 جولائی ، کولکتہ اور ناگپور سے 25 جولائی ، حیدرآباد سے 26 جولائی ، وارناسی سے 29 جولائی اور چینائی سے 31 جولائی کو پروازیں عمل میں آئیں گی ۔