دہلی میں گہرے کہر کے سبب 450 پروازیں منسوخ

,

   

نئی دہلی 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت کے مختلف حصوں میں آج صبح شدید کہر کے سبب اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے تقریباً 450 طیاروں کی پروازیں بُری طرح متاثر ہوئیں۔ ذرائع نے کہاکہ بالخصوص صبح 5.30 بجے تا دوپہر ایک بجے یہ پروازیں متاثر ہوئیں۔ ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہاکہ تقریباً 97 فیصد طیاروں کی آمد و رفت مقررہ وقت کے کافی بعد ہوئی۔ 10.20 بجے دن تک بھی ایرپورٹ اور اطراف کے علاقے پر گھنا کہر رہا۔ چند دوسرے طیاروں کا رُخ موڑ دیا گیا یا ان کی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ ایک اور عہدیدار نے کہاکہ صبح 6 بجے اور 7.20 بجے کے درمیان ہی طیاروں کی معمول کے مطابق آمد و رفت ہوسکی۔ صبح 5.30 بجے تا 10.20 بجے دن سنگاپور سے آنے والے طیارہ کا رُخ کولکتہ کی سمت موڑ دیا گیا۔ بنکاک، دبئی، گوہاٹی اور مسقط سے آنے والے چار طیاروں کو جئے پور کی سمت موڑ دیا گیا۔ عہدیدار نے کہاکہ ’بہت ہی کم طیارے ایرپورٹ سے روانہ ہورہے ہیں اور وہ بھی روشنی کی سطح اور ایر ٹریفک کنٹرول کی بنیاد پر پروازیں ہورہی ہیں۔ دہلی ایرپورٹ پر کسی طیارہ کی پرواز کے لئے اقل ترین حد بصارت 125 میٹر ہے۔ لیکن اس ایرپورٹ پر 4 بجے شب گہرے کہر کے سبب حد بصارت انتہائی کم ہوچکی تھی جس میں صبح 9.20 بجے اور 10.20 بجے کے درمیان بہتری ہوئی۔ چنانچہ 10.20 بجے کے بعد ہی باضابطہ پروازیں بحال ہوسکیں۔