دیوار کی بلی بنے قائدین پارٹی چھوڑ سکتے ہیں ‘ ممتابنرجی

,

   

مرکزی ایجنسیوں سے خوف کھانے والے عوام کے درمیان جانے سے خوفزدہ
کولکاتہ ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال و صدر ترنمول کانگریس سربراہ ممتابنرجی نے آئندہ سال کے اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے ایک تین گھنٹے طویل اجلاس منعقد کیا اور تنظیمی ڈھانچہ کی صورتحال پر غور کیا گیا ۔ انہوں نے پارٹی میں دیوار کی بلی بنے رہنے والے قائدین سے کہا کہ اگر وہ پارٹی چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں تو ابھی چلے جائیں ۔ جو لوگ پارٹی میں بنے رہنا چاہتے ہیں وہ سڑکوں پر اتر آئیں اور عوام کے درمیان پہونچیں۔ ممتابنرجی نے کہا کہ زرعی قوانین کی تنسیخ کو پارٹی ایجنڈہ میں سرفہرست مقام دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ وہ فوت ہوجائیں تاکہ چیف منسٹر کی کرسی انہیں مل جائے ۔ تاہم یہ سب کچھ خدا کے ہاتھ میں ہے ۔ وہ کچھ نہیں کرسکتیں۔ اجلاس میں مشرقی مدناپور ضلع کے صدر و پارٹی رکن پارلیمنٹ سیسر ادھیکاری سے کہا گیا ہے کہ وہ اپوزیشن سے ربط میں رہنے والے قائدین کے خلاف کارروائی کریں۔ واضح رہے کہ سیسر ادھیکاری کے فرزند سوویندو ادھیکاری ترنمول کے رکن اسمبلی ہیں۔ وہ اور دو بلاک سطح کے صدور پر الزام ہے کہ وہ بی جے پی سے رابطے میں ہیں۔ ممتابنرجی نے کہا کہ پارٹی کے کچھ قائدین ایسے ہیں جو 2019 کے الیکشن کے بعد سے اپوزیشن سے رابطے میں ہیں اور انہیں خوف ہے کہ مرکزی ایجنسیاں ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کریں گی ۔ ایسے قائدین کیلئے ان کا مشورہ ہے کہ وہ ترنمول کانگریس جھوڑ دیں اور مخالفین کی صفوں میں جا ملیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ایک شخص پارٹی چھوڑ نا چاہتا ہے تو اس کی بجائے ہزاروں دستیاب ہیں۔ ترنمول کانگریس کیلئے چار نسلیں ہیں جو تائید کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اقتدار میں 10 سال کی تکمیل کا جشن منائے گی اور ارکان اسمبلی کو ان کے حلقوں کے گاووں میں عوام کے درمیان روانہ کرے گی ۔ 7 ڈسمبر کو ممتابنرجی مدنا پور میں ہونے والی تقاریب میں شرکت کرنے والی ہیں۔ اس کے دوسرے دن بھی وہ مختلف پروگراموں کا حصہ رہیں گی ۔