د15دن میں تلگو سیکھنے کا یقین : گورنر

   

راج بھون کے مختلف شعبہ جات کا سوندرا راجن نے معائنہ کیا
حیدرآباد 9 ستمبر ( سیاست نیوز ) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے آج اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ پندرہ دن میں تلگو زبان سیکھنے میں کامیاب رہیں گی اور ریاست کے عوام سے ان کی مادری زبان میں بات کر پائیں گی ۔ گورنر نے ‘ جنہوں نے کل یہ ذمہ داری سنبھالی تھی ‘ آج راج بھون کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور انہوں نے عہدیداروں اور اسٹاف کے ارکان سے تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے گورنر تلنگانہ کی حیثیت سے تقرر کے فوری بعد حیدرآباد آمد سے قبل ہی ریاست کے سماجی و معاشی مسائل کے تعلق سے مطالعہ کیا ہے ۔ گورنر چونکہ ایک میڈیکل ڈاکٹر بھی ہیں اس لئے انہوں نے اسٹاف کے ارکان سے کہا کہ وہ پوری طرح فٹ رہیں ۔ انہوں نے ارکان عملہ کو بتایا کہ وہ روزآنہ یوگا کرتی ہیں اور پیدل چلتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ راج بھون کے اسٹاف کے ارکان بھی ایسا ہی طریقہ کار اختیار کرینگے اور اچھی صحت کو برقرار رکھیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اسٹاف کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھتی ہیں تاہم انہیں یہ بھی امید ہے کہ اسٹاف اپنی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں پورا کریگا ۔ گورنر نے راج بھون کی لائبریری کا بھی مشاہدہ کیا ۔ انہوں نے راج بھون کی لائبریری میں کتابوں کے ذخیرہ پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی شخصی لائبریری میں 5,000 کتابوں کا ذخیرہ موجود ہے جسے جلدی ہی یہاں لائبریری کا حصہ بنادیا جائیگا۔