راجستھان کانگریس مقننہ پارٹی اجلاس میں سچن پائلٹ کی شرکت

,

   

آج اسمبلی اجلاس، 19 ارکان کے بغیر اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے چیف منسٹر کا عزم
گہلوٹ نے باغی ارکان کا خیرمقدم کیا اور کہا ’’اپنے تو اپنے ہوتے ہیں ‘‘

جئے پور : راجستھان کی سیاست میں آج اس وقت پھر ہلچل دیکھنے کو ملی جب چیف منسٹر اشوک کہلوٹ کی رہائش گاہ پر منعقدہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں باغی قائد سچن پائلٹ پہنچ گئے اور انہوں نے چیف منسٹر اشوک گہلوٹ سے مصافحہ کیا۔ اجلاس کے دوران گہلوٹ نے کہا کہ ایوان اسمبلی میں وہ باغی 19ارکان کے بغیر بھی اعتماد کا ووٹ حاصل کرلتے لیکن گہلوٹ نے کہا کہ’’ اپنے تو اپنے ہوتے ہیں‘‘ اس کے ساتھ ہی راجستھان کانگریس میں گذشتہ ایک ماہ سے جاری رسہ کشی ختم ہوگئی۔ چیف منسٹر گہلوٹ سے ناراض سابق ڈپٹی چیف منسٹر نے آج مقننہ اجلاس میں پہنچ کر ان سے ملاقات کرلی۔ جئے پور میں وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر ہوئی کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں سچن پائلٹ نے پارٹی کے ریاستی صدر کے عہدہ پر 6سال تک موقع دینے کیلئے سونیا گاندھی کا شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی نائب وزیر اعلی کے طور پر موقع دینے کیلئے گہلوٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں وزیر اعلی گہلوٹ نے کہا کہ 19 ممبران اسمبلی کے بغیر بھی وہ اسمبلی میں اکثریت ثابت کردیتے ، لیکن وہ خوشی نہیں ملتی۔ پائلٹ کے آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے گہلوٹ نے فلمی ٹائٹل کا سہار ا لیا اور کہا کہ اپنے تو اپنے ہوتے ہیں۔سچن پائلٹ نے کہا کہ انہوں نے چھ سال میں ایمانداری سے پوری کوشش کی کہ پارٹی کیلئے کام کرسکیں۔ جن کارکنان کی محنت سے سرکاری بنی ، ان کی امیدوں پر کھرا اترا جاسکے۔ بطور نائب وزیر اعلی اور ریاستی صدر انہوں نے اپنی جانب سے پوری کوشش کی۔ سچن پائلٹ نے تعاون کیلئے سبھی ممبران اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ہے۔گہلوٹ نے ممبران اسمبلی سے کہا کہ آپسی اختلافات کو بھول کر اب جمہوریت کو بچانے کی لڑائی میں مصروف ہوجانا ہے۔لیکن شام ہوتے ہوتے کانگریس پارٹی کے اوپر چھایا دھند چھنٹتا نظر آیا۔ جے پور میں واقع وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر شام پانچ بجے سے ہوئی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں سچن اور ان کے حامی سبھی ممبران اسمبلی شامل ہوئے۔ اس دوران دونوں لیڈروں کے درمیان گرمجوشی سے ملاقات ہوئی۔اسی دوران اپوزیشن بی جے پی نے کہا کہ 14 اگست کو اسمبلی اجلاس کے آغاز پر گہلوٹ حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرے گی۔